نائیجریا میں فوجی دستوں کی کارروائی کے دوران بوکو حرام کے 162 جنگجو ہلاک

افریقی ملک کیمرون کی فورسز نے 4 دن تک نائجیرین علاقے گوشی میں بوکو حرام کے خلاف کارروائی کی۔


ویب ڈیسک February 16, 2016
افریقی ملک کیمرون کی فورسز نے 4 دن تک نائجیرین علاقے گوشی میں بوکو حرام کے خلاف کارروائی کی۔ فوٹو؛فائل

افریقی ملک کیمرون کے فوجی دستوں نے کارروائی کرتے ہوئے نائجیریا کے شمال مشرقی قصبے میں بوکو حرام کے 162 شدت پسندوں کو ہلاک کردیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق نائجیریا کے شمال مشرقی قصبے گوشی میں افریقی ملک کیمرون کے فوجی دستوں نے کارروائی کرتے ہوئے شدت پسدتنظیم بوکو حرام کے 162 جنگجوؤں کو ہلاک کردیا۔ کیمرون کے وزیر مواصلات کا کہنا ہے کہ ان کے ملک کی فورسز نے 4 دن تک نائجیرین علاقے گوشی میں بوکو حرام کے خلاف کارروائی کی جس میں 162 شدت پسندوں کو ہلاک کرکے قصبے کو جنگجوؤں کے قبضے سے چھڑا لیا گیا۔

حکام کے مطابق کارروائی کے نتیجے میں بوکو حرام کے قبضے سے 100 سے زائد کیمرونی اور نائجیرین یرغمالیوں کو بھی بازیاب کرا لیا گیا ہے جب کہ کارروائی میں کیمرون فوج کے ایک سینیر کمانڈر سمیت 2 فوجی بھی ہلاک ہوئے۔ حکام نے بتایا کہ فورسز نے بارودی سرنگیں تیار کرنے والی چار فیکٹریوں کو تباہ کیا جب کہ اس دوران 5 بارودی سرنگوں کے علاوہ دھماکا خیز مواد ،خودکش جیکٹس اور ٹرائیگرز پکڑے گئے ہیں، اس کےعلاوہ شدت پسندوں کے ایک تربیتی مرکز کو بھی نذر آتش کردیا گیا ہے۔

اقوام متحدہ اور ایمنسٹی انٹرنیشنل کے فراہم کردہ اعداد وشمار کے مطابق بوکوحرام نے گذشتہ 6 سال سے جاری جنگی کارروائیوں میں 20 ہزار سے زائد افراد کو ہلاک کردیا اور خطے میں شدت پسندی کی سرگرمیوں کی وجہ سے 25 لاکھ کے لگ بھگ افراد بے گھر ہوچکے ہیں جب کہ بوکو حرام کے جنگجوؤں نے گزشتہ سال کے دوران کیمرون اور دوسرے پڑوسی ممالک میں بھی حملے شروع کردیئے تھے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں