لاہورقلندرزکے میڈیم فاسٹ بولرکیون کوپرکا بولنگ ایکشن مشکوک قرار

ویسٹ انڈیز سے تعلق رکھنے والے میڈیم فاسٹ بالر کیون کوپر کا بولنگ ایکشن تیسری مرتبہ رپورٹ ہوا ہے۔

الحال کیون کوپر کو غیر قانونی بالنگ ایکشن پر وارننگ جاری کردی گئی ہے،فوٹو:فائل

متحدہ عرب امارات میں جاری پاکستان سپر لیگ میں لاہور قلندرز کے میڈیم فاسٹ بولر کیون کوپر کا بولنگ ایکشن مشکوک قرار دے دیا گیا ہے۔

ویسٹ انڈیز سے تعلق رکھنے والے میڈیم فاسٹ بولرکیون کوپر پی ایس ایل میں لاہور قلندرز کی نمائندگی کررہے ہیں اور گزشتہ روز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے ہونے والے میچ کے دوران امپائرز نے ان کے بالنگ ایکشن کو مشکوک قراردیا تھا اور میچ ریفری روشن ماہناما کو اس کی رپورٹ بھی کردی گئی ہے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف میچ میں کوپر نے 4 اوورز میں37 رنز دے کر 1 وکٹ حاصل کی تھی جب کہ ٹورنامنٹ میں وہ 6 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔


فی الحال کیون کوپر کوغیرقانونی بولنگ ایکشن پر وارننگ جاری کردی گئی ہے اور آئندہ میچ کے دوران اگران کی شکایت کی گئی تو وہ پاکستان سپر لیگ میں اپنا سفر مزید جاری نہیں رکھ سکیں گے اور انہیں مزید بولنگ کروانے سے روکا جاسکتا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی کیون کوپر کا بولنگ ایکشن 2 مرتبہ مشکوک قرار دیا جاچکا ہے،پہلی مرتبہ ویسٹ انڈیز کے ڈومیسٹک سیزن میں ان کے بولنگ ایکشن پر اعتراض اٹھایا گیا جب کہ 2014 میں انڈین پریمیئر لیگ کے دوران بھی ان کا بولنگ ایکشن رپورٹ ہوا تھا۔
Load Next Story