کراچی آپریشن آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گا وزیراعلیٰ سندھ

وزیراعلیٰ سندھ سے کورکمانڈر کراچی نے ملاقات کی جس میں امن وامان اور نیشنل ایکشن پلان سے متعلق بات کی گئی۔


ویب ڈیسک February 17, 2016
وزیراعلیٰ سندھ سے کورکمانڈر کراچی نے ملاقات کی جس میں امن وامان اور نیشنل ایکشن پلان سے متعلق بات کی گئی۔ فوٹو؛فائل

وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کا کہنا ہےکہ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک کراچی آپریشن جاری رہے گا جب کہ نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کے لیے کوشاں ہیں۔

وزیراعلیٰ ہاؤس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار نے ملاقات کی جس میں سانحہ صفورا گوٹھ کے ملزمان کی گرفتاری سمیت دیگر امور پر گفتگو ہوئی جب کہ اس موقع پر صوبائی حکومت کی جانب سے فوجی عدالتوں میں بھیجے گئے مقدمات پر بھی بات کی گئی۔ اعلامیہ کے مطابق وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے میں امن وامان کے لیے سندھ پولیس، رینجرز اور خفیہ اداروں کا کردار قابل تعریف ہے جب کہ وزیراعلیٰ نے حیدرآباد جیل توڑنے کی سازش ناکام بنانے پر پاک فوج کی تعریف کی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کور کمانڈر کو بتایا کہ سندھ حکومت نے اپیکس کمیٹی کے 13 اجلاس منعقد کیے، حکومت نیشنل ایکشن پلان پر من وعن عملدرآمد کے لیے کوشاں ہے، انسداد دہشت گردی کی 10 نئی عدالتوں سے مقدمات بروقت مکمل ہوں گے جب کہ پراسیکیوٹرز کی تقرریاں بھی مختلف مراحل میں ہیں۔ سید قائم علی شاہ کا کہنا تھا کہ کراچی میں آخری دہشت گرد کے خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں