وزیراعظم نواز شریف کا نیب سے متعلق بیان محض دھوکا ہے بلاول بھٹو زرداری

احتساب کو ہمیشہ سیاسی انتقام کے لیے استعمال کیا گیا، چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی


ویب ڈیسک February 17, 2016
احتساب کو ہمیشہ سیاسی انتقام کے لیے استعمال کیا گیا، چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی، فوٹو؛فائل

PESHAWAR: بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف کا نیب سے متعلق بیان محض دھوکا ہے کیونکہ نواز شریف کی کابینہ کے ماتحت نیب اور ایف آئی اے نے سندھ حکومت کے کچھ اداروں کو مفلوج کیا ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چئیر مین بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم نوازشریف کی جانب سے نیب پر کی گئی تنقید پر اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف کا نیب سے متعلق بیان محض دھوکا ہے کیونکہ نواز شریف کی کابینہ کے ماتحت نیب، ایف آئی اے نے سندھ حکومت کے بعض اداروں کو مفلوج کیا جس کی واضح مثال حکومت سندھ کومفلوج کرنےکے لیے تمام آئینی حدودپارکرنا اورافسران کی گرفتاری ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم نے بار بار کہا کہ نیب اور ایف آئی اے صرف ایک صوبے کو نشانہ بنا رہے ہیں، وفاقی اداروں نے اپنے اختیارات کو تجاوز کرتے ہوئے کارروایاں کیں جب کہ پیپلزپارٹی کے مخالفین کو ہاتھ بھی نہیں لگایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ تمام جماعتوں کو اعتماد میں لے کر احتساب کے قانون میں موجود خامیوں کو ختم کیا جائے تاکہ کوئی بھی معصوم اور ایماندار فرد کسی سیاسی وابستگی کی وجہ سے انتقامی کارروائی کا نشانہ نہ بنے جب کہ خامیوں کو ختم کرنے سے آئین میں صوبوں کو دی گئی خود مختاری کو تحفظ مل سکے گا۔

پیپلزپارٹی کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ احتساب کو ہمیشہ سیاسی انتقام کے لیے استعمال کیا گیا، سیاسی قیدیوں کو یرغمال بنا کر انہیں سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنے کے بجائے یکساں احتساب کیا جائے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ ہر ادارے کو اپنے دائرہ اختیار میں رکھنے کی اور کسی کو مقدس گائے نہ سمجھتے ہوئے سب کے لیے برابر احتساب کی حمایت کی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں