پی ٹی سی ایل رضاکارانہ علیحدگی اسکیم پھر متعارف

فائدہ اٹھانا ملازمین کی صوابدید پر ہوگا، ملازمین کے نام سرکلر جاری کردیا گیا

فائدہ اٹھانا ملازمین کی صوابدید پر ہوگا، ملازمین کے نام سرکلر جاری کردیا گیا

پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن کمپنی لمیٹڈ نے اپنے ملازمین کیلیے ایک مرتبہ پھر رضاکارانہ علیحدگی اسکیم (وی ایس ایس) متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے، اس سلسلے میں بدھ کو ملازمین کیلیے جاری کیے جانے والے سرکلر میں ملازمین کو یہ یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ رضاکارانہ علیحدگی اسکیم سے فائدہ اٹھانا یا نہ اٹھانا مکمل طور پر ملازمین کی صوابدید پر ہوگا اور ایسے ملازمین جو ادارے کے ساتھ منسلک رہنا چاہیں گے۔


وہ کمپنی کے ساتھ مکمل عزت و احترام کے ساتھ منسلک رہیں گے۔ تفصیلات کے مطابق پی ٹی سی ایل کی نجکاری کے بعد نئی انتظامیہ نے 2008ء میں انتہائی پرکشش وی ایس ایس اسکیم متعارف کرائی تھی جس کے نتیجے میں تقریبا 30 ہزار سے زائد ملازمین نے پرکشش معاوضے کے عوض پی ٹی سی ایل سے علیحدگی اختیار کرلی تھی۔ جاری کردہ سرکلر میں 2008 ء کی وی ایس ایس اسکیم کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ملازمین کے اصرار پر پی ٹی سی ایل انتظامیہ ایک مرتبہ پھر ایک منفرد اور پرکشش وی ایس ایس اسکیم متعارف کرارہی ہے جس کو قبول کرکے ملازمین اپنے لیے معقول مالی فوائد حاصل کرسکتے ہیں۔

تاہم سرکلر میں یہ وضاحت نہیں کی گئی کہ کتنے ملازمین اس اسکیم سے فائدہ اٹھاسکیں گے؟،اسکیم کیلیے مجموعی طور پر کتنی رقم مختص کی گئی ہے؟ اور اسکیم سے فائدہ اٹھانے کا طریقہ کار کیا ہوگا؟۔ اس سلسلے میں رابطہ کرنے پر پی ٹی سی ایل کی جنرل منیجر پبلک ریلیشنز عمارہ درانی نے بتایا کہ 2008 کی وی ایس ایس اسکیم سے فائدہ اٹھانے کے خواہشمند ہزاروں ملازمین کو وی ایس ایس کے دوسرے مرحلے میں ترجیح دی جائے گی۔

Recommended Stories

Load Next Story