ارسلان افتخار کیس سپریم کورٹ نے نظر ثانی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا
سپریم کورٹ نے ارسلان افتخار کیس میں ملک ریاض کی جانب سے دائر کی گئی نظر ثانی کی درخواست پر اپنا فیصلہ محفوظ کرلیا۔
سپریم کورٹ کے 3 رکنی بنچ نے جسٹس جواد ایس خواجہ کی سربراہی میں ملک ریاض کی جانب سے شعیب سڈل کمیشن پر اٹھائے جانے والے اعتراضات پر نظرثانی کی درخواست کی سماعت کی۔ کیس کی سماعت کے دوران ملک ریاض کے وکیل زاہد بخاری نے اعتراض اٹھایا کہ جس بنچ نے 30 اگست کو فیصلہ سنایا تھا اسی بنچ کو درخواست کی بھی سماعت کرنی چاہئے۔
ارسلان افتخار کے وکیل سردار اسحاق نے کہا کہ ملک ریاض صرف تاخیری حربے استعمال کر رہے ہیں اور انہوں نے شعیب سڈل کمیشن کے سامنے بھی اپنا بیان ریکارڈ نہیں کرایا۔ بعد ازاں سپریم کورٹ نے درخواست پر اپنا فیصلہ محفوظ کرلیا۔