انگلش کرکٹ پر دھبہ ویسٹ فیلڈ کے سب گناہ معاف

کرپشن میں معطل کرکٹرکو ایک برس قبل ہی کھیل میں واپسی کا پروانہ مل گیا


AFP/Sports Desk February 19, 2016
کرپشن میں معطل کرکٹرکو ایک برس قبل ہی کھیل میں واپسی کا پروانہ مل گیا. فوٹو: فائل

لاہور: انگلش کرکٹ پر دھبہ ثابت ہونے والے مرون ویسٹ فیلڈ کے سب گناہ معاف ہوگئے، کرپشن میں معطل سابق کاؤنٹی کرکٹر کو ایک برس قبل ہی کھیل میں واپسی کا پروانہ مل گیا۔

تفصیلات کے مطابق ایسیکس کے فاسٹ بولر مرون ویسٹ فیلڈ 2009 میں ڈرہم کے خلاف ایک ون ڈے میچ میں اسپاٹ فکسنگ میں ملوث پائے گئے تھے جس کی وجہ سے انھیں نہ صرف4 ماہ جیل میں قید کی سزا بھگنا پڑی بلکہ5 برس کیلیے کھیل سے معطل بھی کردیا گیا تھا۔ اسی کیس میں ایسیکس اور پاکستان کے سابق لیگ اسپنر دانش کنیریا پر تاحیات پابندی عائد کردی گئی تھی۔

ویسٹ فیلڈ کی سزا 16 فروری 2017 کوختم ہونا تھی تاہم انگلش بورڈ کے ڈسپلنری کمیشن نے اینٹی کرپشن پروگرامز میں شریک رہنے کی وجہ سے ایک سال کی رعایت دیدی، اب وہ انگلش ریزرو اور کاؤنٹی میں نچلے درجے پر کرکٹ کھیلنے کے اہل ہونگے۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ بورڈ کی کرکٹ ڈسپلن کمیشن نے ایسیکس کے سابق کرکٹر مرون ویسٹ فیلڈ رواں سیزن کے آغاز سے چھوٹی کاؤنٹیز اور سیکنڈ الیون کرکٹ کے فرسٹ کلاس مقابلے کھیلنے کے اہل ہوں گے، فرسٹ ٹیم مقابلوں میں وہ آئندہ برس 16فروری کے بعد ہی حصہ لے سکیں گے۔

یاد رہے کہ ویسٹ فیلڈ نے فکسنگ کیلیے 6 ہزار پاؤنڈ وصول کرنے کا اعتراف بھی کیا تھا تاہم انگلش بورڈ نے انھیں رعایت کا لالچ دیکر کنیریا کیخلاف وعدہ معاف گواہ بننے کیلیے تیار کیا،پھر ان کی گواہی پر پاکستانی لیگ اسپنر پر تاحیات پابندی عائد کی۔ اب ایک برس قبل ہی کھیل میں واپسی کی اجازت اسی سلسلے کی ایک کڑی ہوسکتی ہے۔ دوسری جانب کنیریا بدستور اپنی بیگناہی کی دہائیاں دیتے پھر رہے اور کوئی بھی ان پر کان دھرنے کو تیار نہیں ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔