ایسا ہوگا 2016

شاخ پر بیٹھ کر شاخ کو کاٹنا عقلمندی نہیں اسلئے زرداری صاحب بھی دوسرے ملک میں بیٹھ کر سیاست کرتے رہیں گے۔


شاہ خالد February 21, 2016
دوستوں سے گزارش ہے کہ اس بار زیادہ دعائیں کریں کہ پاکستان کے سیاسی نجومیوں کے منہ سے پھر کوئی ایسی بات نکلے کہ جس سے ان کے ساتھ پوری قوم کو بھی شرمندہ ہونا پڑے۔ فوٹو: ایکسپریس

2016 کو کئی لحاظ سے آخری سال کہا جا سکتا ہے۔ جنرل راحیل شریف کے خیال میں یہ دہشت گردی کے لئے آخری سال ثابت ہوگا۔ سیاستدانوں کے خیال میں یہ راحیل شریف کا بطور آرمی چیف آخری سال ہے۔ شیخ رشید کے خیال میں تینوں شریفوں کے لئے آخری سال ہوگا اور ہماری دعا ہے کہ یہ شیخ رشید کے لئے آخری سال ہو کنوارے پن کا۔ اس سال کی اہمیت کو مدِ نظر رکھتے ہوئے کچھ اہم شعبوں کا جائزہ پیش کیا جاتا ہے۔
سیاست

اس سال بھی سیاستدانوں کا اس بات پر اتفاق رہے گا کہ وہ کسی ایسی بات پر اتفاق نہیں کریں گے جو قوم کے مفاد میں ہو۔ بیان بازی اور الزام تراشی کا خوب مقابلہ جاری رہے گا۔ پاک چین اقتصادی راہداری کو کامیاب بنانے کے لئے اگر ضرورت پڑی تو سیاستدان خود سڑکوں پر آئیں گے۔ موسم اور صحت نے ساتھ دیا تو طاہر القادری صاحب ایک اور کامیاب دھرنا دیں گے۔ الطاف حسین صاحب 5 مرتبہ استعفیٰ دے کر کارکنوں کے پر زور اصرار پر واپس لیں گے۔ اسی طرح وہ کراچی کا امن بحال کرنے کا مشن جاری رکھیں گے۔ مولانا فضل الرحمان صاحب اس سال بھی حکومت میں بیٹھ کر اپوزیشن کا کردار جاری رکھیں گے۔ سراج الحق صاحب رکشے میں بیٹھ کر پورے ملک کا دورہ کریں گے۔ صدر ممنون حسین صاحب خاموشی کا زور توڑ کر علماء سے گنجائش پیدا کرنے کی اپیل کریں گے۔ شاخ پر بیٹھ کر شاخ کو کاٹنا عقلمندی نہیں اسلئے زرداری صاحب بھی الطاف حسین اور قادری صاحب کی طرح کسی دوسرے ملک میں بیٹھ کر سیاست کرتے رہیں گے۔
کھیل

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی طرف سے بھارت سے سیریز کیلئے انتظار جاری رہے گا۔ آفریدی سارا سال صفر پر آؤٹ ہونے کے بعد سال کے آخر میں ایک بار پھر اچھا پرفارم کرے گا۔ عمر گل، عرفان اور جنید خان ان فِٹ رہیں گے۔ ہاکی کی بہتری کیلئے مزید اقدامات کئے جائیں گے۔ پی سی بی کی جانب سے بھارت میں کھیلے جانے والے ورلڈ کپ کی اجازت کیلئے حکومت کو خط لکھا جائے گا جسے حکومت ایک گھنٹے کے اندر اندر منظور کرے گی۔
موسم

ملتان، جیکب آباد، سبی اور کراچی میں چھ مہینے گرمی اور باقی چھ مہینے سخت گرمی رہے گی۔ ملک کے بالائی علاقوں بشمول سوات، چترال، گلگت بلتستان اور کوہستان میں 3 مہینے سردی، 6 مہینے سخت سردی اور باقی 3 مہینے سخت ترین سردی رہے گی۔ لاہور میں اس سال بھی 6 مہینے سخت سردی اور باقی چھ مہینے سخت گرمی رہے گی۔ پہلے 6 مہینوں میں جس چیز کا نام دھند ہوگا اسی کا نام آخری 6 مہینوں میں بدل کر حبس ہوجائے گا۔ لاہور کی سردی کے بارے مشتاق احمد یوسفی نے کیا خوب کہا ہے کہ یہاں سب سے ذیادہ سردی انسان کو صرف ملیریا میں لگتی ہے۔ یہاں کی سردی کا اندازہ آپ اس بات سے لگائیے کہ ہماری ساری زندگی سوات میں گذری ہے۔ دریائے سوات کی تیز اور ٹھنڈی ہواؤں کے عین راستے میں ہمارا گھر ہے، برف سے کھیلتے کھیلتے ہم جوان ہوگئے ہیں لیکن جتنی سردی آج کل لاہور میں پڑتی ہے پہلے کبھی نہیں دیکھی۔ دریائے راوی تو پہلے سے پانی کو ترستا ہے لیکن گرمی میں اضافے کا اگر یہ تناسب رہا تو اس سال بی آر بی نہر بھی خشک ہوجائے گی۔
معیشت

معیشت کے بارے پیش گوئی کرنا اور اسحاق ڈار کی پالییسی کو سمجھنا انسان کے بس کی بات نہیں۔ یہ کام اس لئے بھی مشکل ہے کہ جس ٹی وی چینل سے مہنگائی کے بارے معلومات ملتی ہیں، اسی چینل سے اشتہارات میں چیزوں کی سستی ہونے کی بھی نوید سنائی جاتی ہے۔ اسحاق ڈار اور آئی ایم ایف کے درمیان کامیاب مذاکرات کے نتیجے میں پاکستان کو مزید قرضہ اور ساتھ میں نئے اَحکامات ملیں گے۔ جس کا سارا فائدہ عوام کو ہوگا۔ اسی طرح اس سال بھی ایک تنخواہ میں مہینے بھر کیلئے گھر چلانا پاکستان کا بجٹ بنانے سے کہیں ذیادہ مشکل ہوگا۔
بین الاقوامی

سیلفی بنانے کے شوق میں مودی سرکار کے بین الاقوامی دورے جاری رہیں گے۔ بھارت اور پاکستان کے درمیان اس بات پر مذاکرات کی ضرورت رہے گی کہ مذاکرات ہونے چاہیئے یا نہیں۔ نواز شریف صاحب کے پچھلے سال بیرونی دوروں کی تعداد اتنی زیادہ تھی کہ وہ بھول گئے ہیں کہ کس دورے میں کیا بات ہوئی تھی، اس لئے اس سال ان کی کوشش ہوگی کہ تمام دورے دوبارہ سے کئے جائیں۔ امت مسلمہ کے بیشتر مفاد میں امریکہ کی طرف سے افغانستان اور مشرق وسطیٰ میں جنگ جاری رہے گی اور ضرورت پڑنے پر اس کا دائرہ وسیع بھی کیا جائے گا۔ سعودیہ اور ایران کے درمیاں اختلافات ختم کرنے کیلئےعین ممکن ہے کہ اسرائیل کو میدان میں اترنا پڑے۔
علم نجوم اور نجومی

علم نجوم کے سچ ہونے کی سب سے بڑی دلیل یہ ہے کہ ایک ہی چیز کے بارے دو نجومیوں کی رائے ہمیشہ مختلف ہوتی ہے۔ کرکٹ میچ کے بارے جب دو نجومیوں سے پوچھا جاتا ہے تو ایک ہارنے اور دوسرا جیتنے کی پیش گوئی کرتا ہے۔ اسی طرح ایک کے سچ ثابت ہونے سے کم از کم علمِ نجوم کے سچ ہونے کا تاثر تو قائم رہتا ہے۔ پاکستان میں نجومی اور نجوم تو بہت ہیں لیکن ایک نجم بھی جس کے پاس انمول چڑیا ہے۔ اس کے علاوہ شیخ رشید صاحب بھی کسی نجومی سے کم نہیں اور ان کی پیش گوئیوں کا اپنا ہی انداز ہے۔ کہتے ہیں کہ شیخ رشید نے اپنی جوانی میں پیش گوئی کی تھی یا یوں کہیئے کہ منہ سے بات نکلی تھی کہ ان کی شادی نہیں ہوگی، آج تک اسے سچ ثابت کرنے کے چکر میں زندگی کی خوشیوں سے محروم ہیں۔ اس سال بھی ان دونوں کی پیش گوئیاں جاری رہیں گی۔

دوستوں سے گزارش ہے کہ اس بار زیادہ دعائیں کریں کہ پاکستان کے سیاسی نجومیوں کے منہ سے پھر کوئی ایسی بات نکلے کہ جس سے ان کے ساتھ پوری قوم کو بھی شرمندہ ہونا پڑے۔

[poll id="966"]

نوٹ: ایکسپریس نیوز اور اس کی پالیسی کا اس بلاگر کے خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو قلم اٹھائیے اور 500 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر ، فیس بک اور ٹویٹر آئی ڈیز اوراپنے مختصر مگر جامع تعارف کے ساتھ [email protected] پر ای میل کریں۔ بلاگ کے ساتھ تصاویر اورویڈیو لنکس۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں