پٹھان کوٹ ایئربیس حملے کا مقدمہ گوجرانوالہ میں درج

مقدمہ سب انسپکٹر سی ٹی ڈی کی مدعیت میں 6 افراد کے خلاف درج کیا گیا ہے۔


ویب ڈیسک February 19, 2016
2 جنوری کو پٹھان کوٹ ایئر بیس پر 4 حملہ آوروں نے حملہ کر کے 7 بھارتی فوجیوں کو ہلاک کیا تھا۔ فوٹو: فائل

KARACHI: بھارت کی پٹھان کوٹ ایئر بیس پر ہونے والے حملے کا مقدمہ سی ٹی ڈی کی مدعیت میں درج کر لیا گیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پٹھان کوٹ ایئر بیس پر حملے کا مقدمہ سی ٹی ڈی گوجرانوالہ میں سب انسپکٹر کی مدعیت میں درج کر لیا گیا ہے، مقدمہ 6 نامعلوم افراد کے خلاف درج کیا گیا ہے تاہم پولیس حکام کی جانب سے کسی قسم کی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں کہ آیا یہ مقدمہ پاکستانی شہریوں کے خلاف درج کیا گیا ہے یا ایئر بیس پر حملے میں ملوث کسی ملزم کو گرفتار کیا گیا ہے اور اس کی اطلاع پر مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ کچھ ملزمان کو 4 روز قبل پولیس نے حراست میں لیا تھا، ملزمان نے دوران تفتیش جو انکشافات کئے تھے ان کی بنیاد پر پٹھان کوٹ ایئر بیس مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ رواں برس 2 جنوری کو بھارتی پنجاب میں واقع پٹھان کوٹ ایئر بیس پر 4 حملہ آوروں نے حملہ کر کے 7 بھارتی فوجیوں کو ہلاک کیا تھا۔ بھارت نے بغیر کسی تحقیق کے ایئر بیس پر حملے کا الزام پاکستان پر عائد کر کے اسلام آباد میں ہونے والے سیکرٹری خارجہ سطح کے مذاکرات معطل کر دیئے تھے جب کہ پاکستان نے بھارت کو یقین دلایا تھا کہ اگر بھارت کے پاس ایئربیس پر حملے کے ٹھوش شواہد ہیں تو فراہم کئے جائیں ملزمان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں