حیدرآباد ٹارگٹ کلنگ سوچا سمجھا منصوبہ ہےشیخ شوکت

شہر میں طالبان کی موجودگی کا تاثر دینے کی کوشش کی جا رہی ہے، رہنما جماعت اسلامی.

شہر میں طالبان کی موجودگی کا تاثر دینے کی کوشش کی جا رہی ہے، رہنما جماعت اسلامی. فوٹو: فائل

امیر جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد شیخ شوکت علی نے حیدرآباد میں ٹارگٹ کلنگ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ 4 روز سے شہرمیں ٹارگٹ کلرز کا راج ہے۔


کراچی کی وبا کو یہاں منتقل اور ایک خاص فضا پیدا کر کے شہر میں طالبان کی موجودگی کا تاثر دینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ایک بیان میں انھوں نے کہا کہ چوتھے روز بھی ٹارگٹ کلنگ اور دینی جماعت کی ریلی پر فائرنگ نے امن وامان کی ناقص صورتحال واضح کردی ہے اور پولیس کی صفر کارکردگی سے عوام میں عدم تحفظ کا احساس پیدا ہو گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ شہر میں مسلسل ٹارگٹ کلنگ اور انتظامیہ کی خاموشی سے عوام میں شکوک وشبہات بڑھ گئے ہیں۔ سوچے سمجھے منصوبے کے تحت حیدرآباد میں ٹارگٹ کلنگ کو پروان چڑھایا جا رہا ہے۔

اس میں جو عناصر ملوث ہیں پورا ملک بالخصوص کراچی حیدرآباد کے عوام جانتے ہیں۔ وہ عناصر طالبان کی آڑ میں امریکا سے یہاں بھی ڈرون حملے کرانا چاہتے ہیں۔ انھوں نے وفاقی اور صوبائی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ حیدرآباد میں ٹارگٹ کلنگ اور بدامنی کانوٹس لے۔ علاوہ ازیں شیخ شوکت علی نے مصطفی کمال، کاشف قادری اور شکیل میمن ودیگر افراد کی ٹارگٹ کلنگ اور اہلسنت والجماعت کی ریلی پر فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے ملزمان کی فی الفورگرفتاری کا مطالبہ کیا ہے ۔
Load Next Story