ٹنڈولکر کو آرڈر آف آسٹریلیا کی ممبرشپ سے نواز دیا گیا

ویسٹ انڈین لارا ،سر گیری سوبرز اورکلائیو لائیڈ کی بھی عزت افزائی کی جا چکی

سچن ٹنڈولکر یہ اعزاز حاصل کرنے والے دوسرے بھارتی شہری ہیں۔ فوٹو : فائل

بھارتی اسٹار بیٹسمین سچن ٹنڈولکر کو آرڈر آف آسٹریلیا کی ممبرشپ سے نواز دیا گیا، وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے دوسرے بھارتی شہری ہیں۔


ان سے قبل سابق اٹارنی جنرل سولی سوراب جی کو بھارت آسٹریلیا لیگل روابط مضبوط کرنے اس اعزاز سے نوازا گیا تھا۔ گذشتہ ماہ آسٹریلوی وزیراعظم جولیا گیرالڈ نے ٹنڈولکر کو یہ اعزاز دینے کا اعلان کیا جس پر سابق کینگرو اوپنر میتھیو ہیڈن نے شدید احتجاج بھی کیا تھا۔ منگل کو ٹنڈولکر کو 'اے ایم' ایوارڈ دیا گیا جو آرڈر آف آسٹریلیا کے 6 گریڈز میں سے ایک ہے، ٹنڈولکر پہلے غیرآسٹریلوی کرکٹر نہیں جنھیں یہ اعزاز دیا گیا ہو، ویسٹ انڈیز کے برائن لارا اور سر گیری سوبرز کو بھی اے ایم کا اعزاز مل چکا جبکہ ویسٹ انڈیز کے ہی عظیم کرکٹر کلائیو لائیڈ کو آرڈر آف آسٹریلیا کے اعزازی آفیسر کا ایوارڈ 1985 میں دیا گیا تھا۔

دریں اثنا ٹنڈولکر نے نوجوان بیٹسمینوں کو مشورہ دیا ہے کہ انھیں فاسٹ بولرز کی فقرے بازی کو خوش مزاجی سے جھیلنا چاہیے، ایک تقریب میں جب ان سے سوال کیا گیا کہ وسیم اکرم جیسے معروف فاسٹ بولرزجب فقرے بازی کرتے تو ان کا ردعمل کیسا ہوتا تھا، اس پر ٹنڈولکر نے کہا کہ یہ باتیں آپ کے تجربے میں اضافہ کرتی ہیں، یہ عظیم فاسٹ بولرزکی 90 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے آنے والی گیند کا حصہ ہوتی ہیں، وسیم اکرم حقیقی معنوں میں ایک ورلڈ کلاس بولر اور عظیم ترین کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں، ہر چیز کے پیچھے کچھ مزاح ہوتا ہے، فقرے بازی کو خوش مزاجی سے جھیلنا چاہیے، یہ بھی بولر کے ساتھ میچ کھیلنے کے مترادف ہے۔

Recommended Stories

Load Next Story