پاک بھارت میچ پہلے مرحلے کی ٹکٹیں ہاتھوں ہاتھ فروخت

باقی ٹکٹوں کو چیمپئنز ٹرافی قریب آنے پر آفیشل آئوٹ لیٹس سے فروخت کیا جائے گا۔

باقی ٹکٹوں کو چیمپئنز ٹرافی قریب آنے پر آفیشل آئوٹ لیٹس سے فروخت کیا جائے گا۔ فوٹو: فائل

پاک بھارت چیمپئنز ٹرافی میچ کے پہلے مرحلے کی ٹکٹیں ہاتھوں ہاتھ فروخت ہو گئیں۔


15 جون 2013 کو ایجبسٹن میں شیڈول روایتی حریفوں کے مقابلے کیلیے آن لائن پیش کیے جانے والے ٹکٹ 3 گھنٹے میں بک گئے، باقی ٹکٹوں کو ٹورنامنٹ قریب آنے پر آفیشل آئوٹ لیٹس سے فروخت کیا جائیگا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اور بھارت کے میچ کیلیے شائقین کی بے تابی کا تازہ ترین مظاہرہ اس وقت دیکھنے میں آیا جب آئی سی سی نے اپنی آفیشل ویب سائٹ پر جون میں انگلینڈ میں شیڈول ون ڈے چیمپئنز ٹرافی کیلیے ٹکٹیں فروخت کیلیے پیش کیں، ابتدائی تین گھنٹوں کے اندر ٹکٹیں فروخت ہوگئیں، یہ میچ 15 جون بروز ہفتہ ایجبسٹن میں کھیلا جائیگا۔ ٹورنامنٹ ڈائریکٹر اسٹیو ایلورتھی کا کہنا ہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی دنیائے کرکٹ کے بڑے ٹورنامنٹس میں سے ایک ہے، ہمیں پاکستان اور بھارت کے درمیان شیڈول گروپ میچ کی ٹکٹوں کیلیے پہلے ہی دن بہت زیادہ ڈیمانڈ دیکھنے کو ملی۔

اس میچ کیلیے پہلے مرحلے کی تمام ٹکٹیں ہاتھوں ہاتھ فروخت ہوگئیں، فائنل سمیت باقی میچز کی ٹکٹیں ابھی بڑی تعداد میں آن لائن فروخت کیلیے دستیاب ہیں۔ پاک بھارت میچ کی اگر کچھ اضافی ٹکٹیں دستیاب ہوئیں تو ان کو آئی سی سی ویب سائٹ پر پیش کردیا جائے گا، تاہم باقی ٹکٹیں ایونٹ قریب آنے پر آفیشل آئوٹ لیٹس پر فروخت کیلیے پیش کی جائینگی۔ پاک بھارت شائقین کرکٹ کا اتنا شاندار ردعمل دیکھ کر ایجبسٹن اسٹیڈیم کے چیف ایگزیکٹیو کولن پووے بھی خوشی سے پھولے نہیں سمارہے، ان کا کہنا ہے کہ ہم پاکستان اور بھارت جیسے مقابلے کی میزبانی پر کافی خوش ہیں، ہمارا اسٹیڈیم کی 32 ملین پائونڈ سے تعمیر نو کرنے کا مقصد ورلڈ کلاس سہولتوں کی فراہمی اورانٹرنیشنل کرکٹ کے بڑے مقابلوں کی میزبانی ہی تھا۔
Load Next Story