انڈر 19 ون ڈے کرکٹ کراچی نے بہاولپور کو 3 وکٹ سے زیر کرلیا

شیراز کی 5 وکٹیں، کراچی بلوز نے اسلام آباد کو 36 رنزسے ہرایا۔

لاہور شالیمارکے ہاتھوں حیدر آباد کو 89 رنز سے مات، ایبٹ آباد، کوئٹہ اور کے آر ایل کامیاب۔ فوٹو: فائل

انٹر ریجن، ڈپارٹمنٹل انڈر 19 ون ڈے کرکٹ ٹورنامنٹ میں کراچی وائٹس نے بہاولپور کو 3 وکٹ سے زیر کرلیا۔

شیراز حسین نے 5 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، کراچی بلوز نے اسلام آبادکو36 رنز سے ہرایا،لاہور شالیمار نے حیدر آباد کو 89 رنز سے مات دیدی، لاہور راوی کو ایبٹ آباد نے ایک وکٹ سے قابو کرلیا،کوئٹہ نے ملتان ریجن جبکہ کے آرایل نے نیشنل بینک کو شکست دے دی،اسٹیٹ بینک اورپی آئی اے کی ٹیمیں بھی فتحیاب رہیں، راولپنڈی نے پشاور کو مات دی۔ تفصیلات کے مطابق لانڈھی گرائونڈ کراچی میں بہاولپور کی ٹیم136 رنز پر ہمت ہار گئی، شیراز حسین نے26رنزکے عوض5 پلیئرز کو آئوٹ کیا، کراچی وائٹس نے ہدف 32.4 اوورز میں7 وکٹیں گنوا کر حاصل کرلیا، سعود شکیل نے43 رنز کی اننگز کھیلی۔ ڈائمنڈ گرائونڈ اسلام آباد میں کراچی بلوز نے میزبان ٹیم کو 36 رنز سے زیر کیا، مہمان سائیڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے6 وکٹ پر243 رنز بنائے۔

دانیال شاہ55، محمد وقاص49 اور قادر خان47 رنز ناٹ آئوٹ کے ساتھ نمایاں رہے،اسلام آباد کی ٹیم مقررہ اوورز میں9 وکٹ پر207 رنز تک محدود رہی، سعود اسلام نے81رنز کی اننگز کھیلی، معظم ملک 3 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ نیاز اسٹیڈیم حیدر آباد میں لاہور شالیمار نے میزبان ٹیم کو 89 رنز سے ہرا دیا، مہمان سائیڈ نے 195 کا مجموعہ ترتیب دیا، ارسلان باجوہ60 اور فرحان نذیر38 رنز کے ساتھ نمایاں رہے،حیدر آباد نے34.3 اوورز میں 106 رنز پر تمام وکٹیں گنوا دیں، محمد راحیل نے26 اور جاوید خان نے20 رنز بنائے۔


اسفند مہران اور محمد ولید 3،3 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ایل سی سی اے گرائونڈ میں لاہور راوی کو سخت مقابلے کے بعد ایبٹ آباد نے ایک وکٹ سے زیر کیا، میزبان ٹیم نے فراز میر کی ففٹی اور امیر حمزہ کے44 رنز کی بدولت مقررہ اوورز میں7 وکٹ پر213 رنز بنائے، ولید جلیل نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا، ایبٹ آباد نے ہدف تین اوور قبل ہی حاصل کرلیا، محمد زبیر نے66 اور عبدالوہاب نے49 رنز بنا کر فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔ ملتان اسٹیڈیم میں لو اسکورنگ میچ میں میزبان کو کوئٹہ کے ہاتھوں 12 رنز سے مات ہوئی، فاتح سائیڈ نے 7 وکٹ پر 182 رنز بنائے، حمید خان نے44 رنز اسکور کیے، احمد اشفاق4 وکٹیں اپنے نام کرنے میں کامیاب رہے، ملتان ریجن کی ٹیم آسان ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے 170 پر ڈھیر ہوگئی، ایمل عمر نے56 رنز بنائے۔

نظام الدین، عاصم نذیر اور وہاب نے2،2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ بھٹوگرائونڈ اسلام آباد میں راولپنڈی نے پشاور کو 37 رنز سے زیر کیا، فاتح ٹیم نے 7 وکٹ پر218 رنز بنائے، پشاور کی ٹیم 181 پر آئوٹ ہوگئی، شاہ زیب59 رنز بنانے میں کامیاب رہے، میر واعظ نے 17 کے عوض3 بیٹسمینوں کو چلتا کیا۔ نیشنل گرائونڈ اسلام آباد میں کے آر ایل نے166 رنز بنانے کے بعد نیشنل بینک کو104 پر ٹھکانے لگا دیا، نقی رضا نے19 رنز دیکر 4 وکٹیں لے کر ٹیم کی 62 رنز سے فتح میں اہم کردار ادا کیا۔

کے آر ایل اسٹیڈیم راولپنڈی میں پی آئی اے نے زرعی ترقیاتی بینک کو3 وکٹ سے ہرا دیا، بینک نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے150 رنز بنائے، امیت روی 16 رنز دیکر 4 وکٹیں لے اڑے، ایئر لائنز نے ہدف امام الحق کے 37 اور شایان جہانگیر کے34 رنز کی بدولت 33.4 اوورز میں 7 وکٹ پر حاصل کرلیا، ظفر گوہر 3 وکٹیں لینے میں کامیاب رہے۔مرغزار گرائونڈ میں اسٹیٹ بینک نے پورٹ قاسم کو 3 وکٹ سے مات دی، ناکام سائیڈ نے 5 وکٹ پر 220 کا مجموعہ ترتیب دیا، رائو وقار50 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلنے میں کامیاب رہے، اسٹیٹ بینک نے ہدف 42.4 اوورز میں 7 وکٹ پر حاصل کرلیا، محمد افضل نے69رنز بنائے، ارشاد خان کے حصے میں3 وکٹیں آئیں۔

Recommended Stories

Load Next Story