انٹرنیشنل یوتھ فیسٹیول کی آج رنگارنگ افتتاحی تقریب

تمام ٹیمیں مارچ پاسٹ میں حصہ لیں گی، علاقائی رقص بھی پیش کیا جائے گا۔


Sports Reporter November 07, 2012
تمام ٹیمیں مارچ پاسٹ میں حصہ لیں گی، علاقائی رقص بھی پیش کیا جائے گا۔ فوٹو: فائل

پنجاب یوتھ فیسٹیول کے انٹرنیشنل ایونٹ کی رنگارنگ افتتاحی تقریب بدھ کو نیشنل ہاکی اسٹیڈیم لاہور میں ہوگی۔

وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف مہمان خصوصی ہونگے،بھارتی مشرقی پنجاب کے ڈپٹی وزیر اعلیٰ سکھبیر سنگھ بھی شرکت کیلیے خصوصی طور پر پاکستان آئے ہیں، مقابلوں کا باقاعدہ آغاز جمعرات سے ہونا ہے،افتتاحی تقریب کے موقع پر تمام ٹیمیں مارچ پاسٹ میں حصہ لیںگی جبکہ اس موقع پر علاقائی رقص کا مظاہرہ بھی کیا جائے گا،اسکولزکے بچے مختلف ٹیبلوز پیش کرینگے۔ اس سلسلے میں گزشتہ روز ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی رانا مشہود احمد خان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ انٹرنیشنل یوتھ فیسٹیول میں بیک وقت 26ممالک کی شرکت سے یہ ثابت ہو گیاکہ پاکستان بین الاقوامی کھیلوں کیلیے محفوظ ملک ہے۔

کامیاب انعقاد کے بعد دنیا کے کئی ممالک ہمارے ریکارڈ کوتوڑنے کے دعوے کر رہے ہیں لیکن ایسا کرناکسی کیلیے بھی آسان نہیں ہوگا، انھوں نے کہاکہ دنیا میں پاکستان کی پہچان تخریب کار اور دہشت گرد کی بن گئی تھی تاہم اب عالمی سطح پر اس سوچ میں تبدیلی آئی ہے۔ دریں اثنا ایونٹ میں شرکت کیلیے غیر ملکی ٹیموں کی پاکستان آمد کا سلسلہ جاری ہے۔افغانستان، یمن، بھارت، قازقستان، ازبکستان، سری لنکا، نیپال اور بلفاسٹ کی ٹیمیں گزشتہ روز لاہور پہنچیں، یمن، منگولیا، ہانگ کانگ، سربیا اور نیپال کی رگبی، جوجسٹو، فٹبال اور بیس بال سائیڈز کی آمد بدھ کو ہوگی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں