پریذیڈنٹ ٹرافی سوئی ناردرن پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست

بیٹسمینوں میں فواد عالم کے 5 میچز میں447 رنز، ذوالفقار بابر 32 وکٹیں حاصل کرچکے۔

بیٹسمینوں میں فواد عالم کے 5 میچز میں447 رنز، ذوالفقار بابر 32 وکٹیں حاصل کرچکے۔ فوٹو : فائل

پریذیڈنٹ ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ میں سوئی ناردرن کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست، حبیب بینک دوسرے اور پی آئی اے تیسرے نمبر پر ہے۔


بیٹسمینوں میں فواد عالم اور بولرز میں ذوالفقار بابر سب سے آگے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ڈپارٹمنٹل ٹیموں کے درمیان پریذیڈنٹ ٹرافی کے چار روزہ میچز ان دنوں ملک کے مختلف شہروں میں جاری ہیں،اب تک کھیلے گئے میچزمیں سوئی ناردرن گیس36 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے،ٹیم نے 5 میں سے 4 میچز میں کامیابی حاصل کی جبکہ ایک ڈرا ہوا، حبیب بینک 33 پوائنٹس کا نمبر دوسرا ہے،اس نے بھی 5 میں سے 4 میچز میں فتح کو گلے لگایا، البتہ ایک میں شکست کا سامنا کرنا پڑا، پی آئی اے 27 پوائنٹس تیسرے، خان ریسرچ لیبارٹری21پوائنٹس چوتھے، اسٹیٹ بینک 18 پوائنٹس پانچویں اور واپڈا 12 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے نمبر پر ہے، نیشنل بینک اور زیڈ ٹی بی ایل کے 9،9 جبکہ یو بی ایل کے 3 پوائنٹس ہیں، پورٹ قاسم کی ٹیم نے اب تک کوئی پوائنٹ حاصل نہیں کیا۔

دریں اثنا ایونٹ میں فواد عالم بیٹسمینوں میں سب سے آگے ہیں، نیشنل بینک کے لیفٹ ہینڈر نے اب تک5 میچز میں447 رنز اسکور کیے ہیں، انھوں نے2 سنچریاں اور اتنی ہی ففٹیز اسکور کیں، واپڈاکے شعیب مقصود 398رنز کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے،انھوں نے ایک سنچری اور تین نصف سنچریاں بنائیں، یو بی ایل کے عابد علی 359رنز تیسرے، اسٹیٹ بینک کے محتشم علی 358رنز چوتھے اور حبیب بینک کے شان مسعود 350رنز کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہیں۔ بولرز میں واپڈا کے ذوالفقار بابر32وکٹوں کے ساتھ پہلے نمبر پر ہیں، حبیب بینک کے احسان عادل نے بھی اتنے ہی پلیئرز کو آئوٹ کیا جبکہ نیشنل بینک کے عمران خان نے31وکٹیں لی ہیں۔
Load Next Story