ریو اوپن ٹینس نڈال میدان میں اترے بغیر سیمی فائنل میں پہنچ گئے

کوارٹر فائنل میں ان کے حریف الیکسینڈر ڈولگوپولوف انجرڈ ہونے پر مقابلے سے دستبردارہوگئے۔


AFP February 21, 2016
کوارٹر فائنل میں ان کے حریف الیکسینڈر ڈولگوپولوف انجرڈ ہونے پر مقابلے سے دستبردارہوگئے۔ فوٹو: رائٹرز/فائل

ریو اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں نڈال میدان میں اترے بغیر سیمی فائنل میں پہنچ گئے، کوارٹر فائنل میں ان کے حریف الیکسینڈر ڈولگوپولوف انجرڈ ہونے پر مقابلے سے دستبردارہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق ریو اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں اسپینش ٹینس اسٹار رافیل نڈال میدان میں اترے بغیر سیمی فائنل میں پہنچ گئے ، کوارٹر فائنل میں ان کے مقابل آنے والے الیکسینڈر ڈولگوپولوف انجرڈ ہونے پر مقابلے سے دستبردارہوگئے، کلے کورٹ کے شہنشاہ خیال کیے جانے والے نڈال رواں برس جون میں فرنچ اوپن میں 10ویں بار چیمپئن بننے کی کوشش کریں گے۔

29 سالہ کھلاڑی سردست عالمی رینکنگ میں تنزلی کا شکار ہیں، گذشتہ برس بھی انجری مسائل کے سبب کئی ایونٹس سے دور رہے، تاہم انھیں گذشتہ ہفتے بیونس آئرس اوپن کے سیمی فائنل میں حیران کن طور پر آسٹریا کے ڈومنیک تھیم نے ہرادیا تھا،جہاں وہ اعزاز کادفاع کرنے میں بھی ناکام رہے، ریو اوپن کے کوارٹر فائنل میں نڈال کے حریف یوکرین سے تعلق رکھنے والے الیکسینڈر ڈولگوپولوف دائیں کندھے میں تکلیف ہوجانے پر میدان میں نہیں اترسکے، نڈال اب سیمی فائنل میں یوروگوئے کے پبلو چیواس کا سامنا کریں گے، جنھوں نے دوسرے کوارٹر فائنل میں ارجنٹائن کے فیڈریکو ڈیلبونیز کو 6-4، 7-6 (7/4) سے شکست دے دی، راؤنڈ 8 کے دیگر میچز میں ڈومنیک تھیم نے اس مرتبہ بھی اپ سیٹ کرنے کا سلسلہ جاری رکھا ۔

تاہم اس مرتبہ نڈال کے بجائے ان کے ہموطن سیکنڈ سیڈ ڈیوڈ فیرر ان کا شکار بن گئے، انھوں نے فیرر کو 6-3 اور6-2 سے پچھاڑ کر سیمی فائنل کا ٹکٹ حاصل کرلیا، گوڈیو پیلا نے ڈینئیل گیمینو کو بھرپور مقابلے میں 5-7،6-1 اور7-5 سے قابو کرلیا۔ویمنز سنگلز میں 6 سیڈ لارا آروبیرینا کی ہمت کوارٹرفائنل میں جواب دے گئی، کروشین پلیئر پیٹرا مارٹک نے انھیں 6-4،5-7 اور7-5 سے مات دیدی، تھرڈ سیڈ ڈینکا کووینک کی پیشقدمی بھی رومانیہ کی سورانا کرسٹیا نے روک دی۔

ان کی فتح کا اسکور 6-1 اور6-2 رہا، فرانسسکا شیوانے نے ڈچ حریف سینڈی برجر کیخلاف 3-6،7-6(8/6) اور6-3 سے فتحیاب ہوکر سیمی فائنل میں جگہ بنالی، امریکی کھلاڑی شیلبی روجرز نے پاؤلا گونکلیوس کی کہانی 6-2،5-7 اور6-3 سے ختم کردی۔دوسری جانب ڈیرلے بیچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں جوآن مارٹن ڈیل پوٹرو نے فرنچ حریف جیریمی شارڈے کو 6-2 اور6-3 سے شکست دیکر سیمی فائنل میں شرکت کا حق حاصل کرلیا، انجری مسائل کے سبب ایک برس تک کھیل سے دور رہنے والے ڈیل پوٹرو کو ایونٹ میں شرکت کیلیے وائلڈ کارڈ انٹری دی گئی تھی۔

تاہم انھوں نے بتدریج ردھم پاتے ہوئے اب فائنل فور میں رسائی پالی ہے، جہاں ان کا سامنا عالمی درجہ بندی میں 61ویں نمبر پر فائز امریکی کھلاڑی سام کیورے سے ہوگا، کیورے نے دوسرے کوارٹر فائنل میں ہموطن ٹم سیمزک کو 6-7 (1/7)، 7-6(7/4) اور6-4 سے قابو کیا، دیگر راؤنڈ 8 میچز میں فورتھ سیڈ گریگور دیمیتروف نے فرانس سے تعلق رکھنے والے ایڈرین مینارینو کو 6-4 اور7-5 سے ہرادیا، راجیو رام نے بینجمن بیکر کو 3-6،6-4 اور6-3 سے زیر کرلیا، راجیو اب تک کیریئر میں 2 اے ٹی پی ٹائٹلز جیت چکے ہیں، وہ نیوپورٹ گراس ٹینس میں 2009 اور2015 میں فاتح بنے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔