بھارتی اداکارہ شرمیلا ٹیگور کو نامکمل سفری دستاویزات پر واہگہ بارڈر پر روک لیا گیا

سفری دستاویزات جمع کرانے پر بھارتی اداکارہ کو ملک واپس جانے کی اجازت دے دی جائے گی، پاکستانی حکام

شرمیلا ٹیگور لاہور میں ہونے والے 2 روزہ لٹریچر فیسٹیول میں شرکت کے لئے پاکستان آئی تھیں. فوٹو: فائل

ادبی فیسٹیول میں شرکت کے لئے پاکستان آنے والی بالی ووڈ کی نامور اداکارہ شرمیلا ٹیگور کو بھارت واپسی پر نامکمل سفری دستاویزات پر واہگہ بارڈر پر روک لیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق شرمیلا ٹیگو لاہور ادبی فیسٹیول میں شرکت کے بعد واپس بھارت جا رہی تھیں کہ سیکیورٹی حکام نے سفری دستاویزات پوری نہ ہونے پر بھارتی اداکارہ کو واہگہ بارڈر پر روک لیا۔ پاکستانی حکام کا کہنا ہے کہ بھارت سے آنے والوں کے لئے اپنی آمد اور واپسی سے آگاہ کرنا لازم ہوتا ہے، یہ رپورٹ یا تو میزبان کی جانب سے جمع کرائی جاتی ہے یا پھر خود مسافر جمع کراتا ہے، پھر امیگریشن کی جانب سے آمد یا واپسی کا لیٹر جاری کیا جاتا ہے۔


شرمیلا ٹیگور چونکہ پاکستان میں مہمان تھیں اس لئے انھیں واپس بھیجنے کے بجائے واہگہ بارڈر پر ہی روک لیا گیا ہے اور جیسے ہی بھارتی اداکارہ اپنی سفری دستاویزات کی تفصیلات جمع کرائیں گی تو انھیں ملک واپس جانے کی اجازت دے دی جائے گی۔ دوسری جانب شرمیلا ٹیگور نے سفری دستاویزات منگوانے کے بعد مزید ایک روز کے لئے لاہور میں قیام کا فیصلہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ شرمیلا ٹیگور لاہور میں ہونے والے 2 روزہ لٹریچر فیسٹیول میں شرکت کے لئے پاکستان آئی تھیں اور انھوں نے پاکستانی ڈراموں، فیشن، عوام اور کھانوں کی خوب تعریف کی تھی۔
Load Next Story