پی آئی اے مکہ آفس سے رواںسال 40 کروڑ ریال منافع متوقع

عزیزیہ میںپہلی مرتبہ خصوصی کائونٹرقائم کیا،24گھنٹے خدمات فراہم کررہا ہے،شیخ فہیم.

سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی سہولت بھی کائونٹر پر دستیاب ہے، پاکستانی میڈیا سے گفتگو . فوٹو: فائل

پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کے ڈسٹرکٹ سیلز منیجرمکۃ المکرمہ شیخ محمد فہیم نے کہا ہے کہ پی آئی اے مکہ آفس کو اس سال 40 کروڑ ریال سے زائد منافع متوقع ہے۔

قومی ایئرلائن سعودی عرب سے حاجیوں کی محفوظ اوربروقت واپسی کے لیے خصوصی انتظامات میں عملی طور پر مصروف ہے اور اس مقصد کے لیے پی آئی اے مکہ آفس کے علاوہ عزیزیہ کے علاقے میںواقع حج مشن میں پہلی مرتبہ خصوصی کائونٹر قائم کیاہے جو24گھنٹے حاجیوں کو خدمات فراہم کررہا ہے جبکہ پی آئی اے کی53خصوصی حج پروازوں کے ذریعے اب تک 23ہزار سے زائد حجاج کرام پاکستان واپس جاچکے ہیں۔


ان خیالات کا اظہار انھوں نے مکتہ المکرمہ میں ستین روڈ پر واقع پی آئی اے کے دفتر میں پی آئی اے کا بعداز حج آپریشن کا جائزہ لینے کے لیے سعودی عرب کا دورہ کرنے والے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا اس موقع پر پی آئی اے کے جنرل منیجر پبلک افئیرز سیدسلطان حسن بھی موجود تھے، شیخ محمد فہیم نے بتایا کہ پی آئی اے آفس سے رابطہ کرنے والے 80فیصد حاجی فریضہ حج کی ادائیگی کے فوراً بعد واپسی چاہتے ہیں جبکہ 20فیصد حجاج ایسے ہوتے ہیں جو اپنے قیام کومکۃ الکرمہ میں بڑھانے چاہتے ہیں جس کے باعث سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے مسائل بڑھ جاتے ہیں۔

تاہم نشستوں کی ایڈجسمنٹ اس وقت کی جاتی ہے جب حاجی یا حجاج حج مشن کا سفارشی خط پی آئی اے کو پیش کرتے ہیں اور یہ سہولت بھی کائونٹر پردستیاب ہے، پروازوں کی مقررہ وقت پر روانگی کو یقینی بنانے کے لیے پی آئی اے کے اسکائوٹس عملے کی مدد سے اہم کردار ادا کررہے ہیں،انھوں نے بتایا کہ پی آئی اے بیمار ی یا کسی اور ضروری کام سے وطن جلدی واپسی کے خواہش مند حاجیوں کے علاوہ ایسے حاجیوں کی بھی رہنمائی کر رہا ہے جو پی آئی اے کے مسافر نہیں ہوتے، پی آئی اے مکہ آفس کی سیلز میں اضافہ ہورہا ہے جس میں ہمارے 17ٹریول ایجنٹ خصوصی کردار ادا کررہے ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ ٹکٹ پرمعلومات کے لیے مکہ،جدہ اور مدینہ کے منیجرز کے نام اور ٹیلیفون نمبرز بھی دیے گئے ہیں جن پر یومیہ تین سو سے چار سو حاجی بھی رابطہ کررہے ہیں۔
Load Next Story