بھارت میں نسلی فسادات پاکستان نے سمجھوتہ ایکسپریس اوردوستی بس سروس معطل کردی

بس سروس عارضی طور پر معطل کی گئی ہے جب کہ دلی جانے والے 20 مسافروں کی سیٹیں منسوخ کردیں،منیجر


ویب ڈیسک February 21, 2016
بس سروس عارضی طور پر معطل کی گئی ہے جب کہ دلی جانے والے 20 مسافروں کی سیٹیں منسوخ کردیں،منیجر. فوٹو:فائل

بھارتی ریاست ہریانہ میں نسلی فسادات کے بعد پاکستان نے سمجھوتہ ایکسپریس اور دوستی بس سروس معطل کردی۔



بھارت کی شمالی ریاست ہریانہ میں نسلی فسادات شدت اختیار کرگئے اور اب تک 10 افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں جب کہ ریاست بھر میں فسادات پھوٹنے کے بعد بازاروں میں لوٹ ماراورتوڑپھوڑعام ہوگئی جب کہ ایک ہجوم نے نئی دلی کو جانے والی پانی کی مین سپلائی لائن بھی توڑ دی جس کے باعث دلی میں شہریوں کو پانی کی قلت کا سامنا ہے۔ دوسری جانب تشویشناک صورتحال کے باعث بھارتی حکام کے کہنے پر پاکستان ریلوے نے سمجھوتہ ایکسپریس عارضی طور پر معطل کردی جب کہ پاکستان ٹوررازم ڈیپارٹمنٹ نے بھی لاہور سے دلی جانے والی دوستی بس سروس عارضی طور پرمعطل کردی۔



دوستی بس سروس کے منیجر کا کہنا ہے کہ 20 مسافروں نے دلی جانے کے لئے سیٹیں بک کرائیں تھیں تاہم انہیں بس سروس عارضی طورپرمعطل ہونے سے متعلق آگاہ کردیا گیا ہے تاہم بس سروس کی بحالی سے متعلق ابھی کچھ نہیں کہا جاسکتا۔





دوسری جانب بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست ہریانہ میں کرفیو اور فوجی گشت کے باوجود جاٹ برادری نے اپنے حقوق کے لئے بھوانی اور سونی پت کے اضلاع میں احتجاج کیا جس میں مظاہرین نے 2 پولیس چوکیوں، دکانوں اور اے ٹی ایم مشینوں کو نذر آتش کردیا۔ دوسری جانب ڈائریکٹر جنرل پولیس ہریانہ کا کہنا ہے کہ روہتک، بھوانی اور جھاجر کے اضلاع میں گزشتہ رات سے بدترین فسادات جاری ہیں جس میں اب تک 10 افراد ہلاک اور 150 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔



ریاست ہریانہ سے اٹھنے والی احتجاج کی لہرنے دارالحکومت نئی دلی کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا اور جاٹ برادری کے احتجاج کے باعث نئی دلی میں پانی کی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے جس کے باعث پیر سے اسکول بند کرنے کے احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ نئی دلی اروند کیجریوال نے دلی میں پانی کی قلت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہریانہ سے پانی کی سپلائی بند ہونے کے باعث بھارتی دارالحکومت میں پانی کا صرف دو روز کا ذخیرہ باقی رہ گیا ہے، عوام سے اپیل ہے کہ پانی انتہائی احتیاط کے ساتھ استعمال کریں۔

واضح رہے کہ ریاست ہریانہ کی جاٹ برادری نے 8 روز قبل تعلیمی اداروں اور سرکاری ملازمتوں میں کوٹا مقررکرنے کے مطالبہ پراحتجاج کیا تھا جو پرتشدد صورتحال اختیار کرگیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں