دوسرا ٹیسٹ برنز اور اسمتھ نے کیوی اٹیک کے چھکے چھڑا دیئے

دونوں نے سنچریاںداغ کرریکارڈ شراکت بنائی، آسٹریلیا نے 4 وکٹ پر363رنزبنالیے، خسارہ محض7رنز باقی رہ گیا


AFP February 22, 2016
دونوں نے سنچریاںداغ کرریکارڈ شراکت بنائی، آسٹریلیا نے 4 وکٹ پر363رنزبنالیے، خسارہ محض7رنز باقی رہ گیا۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

کرائسٹ چرچ ٹیسٹ کے دوسرے روز جوئے برنز اور اسٹیون اسمتھ نے کیوی اٹیک کے چھکے چھڑادیئے، دونوں نے سنچریاں جڑ کر اپنی ٹیم کی پوزیشن بہتر بنادی، دوسرے دن کے اختتام تک آسٹریلیا نے 4 وکٹ پر 363 رنز بنالیے، صرف 7 رنز کا خسارہ باقی ہے۔

تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا نے دوسرے دن کے کھیل کا آغاز 57 رنز ایک وکٹ سے کیا، جلد ہی پویلین واپس لوٹنے والے کھلاڑیوں کی تعداد دو ہوگئی جب عثمان خواجہ ٹرینٹ بولٹ کی گیند پر فرسٹ سلپ میں موجود برینڈن میک کولم کا کیچ بن گئے، انھوں نے 24 رنز بنائے، اب وکٹ پر اسمتھ نے اوپنر جوئے برنز کو جوائن کیا اور دونوں نے مل کر نیوزی لینڈ کے اٹیک کی کلاس لینا شروع کردی۔ اس دوران برنز کو ایک موقع ملا جب 35 رنز پر انھیں کاٹ بی ہائنڈ قرار دیا گیا مگر ری پلیز میں گیند گلوزکے بجائے ان کے بازو سے ٹکرانے کی تصدیق ہونے پر فیصلہ بدل دیا گیا۔

برنز اور اسمتھ کے درمیان تیسری وکٹ کیلیے 289 رنز کی شراکت ہوئی جوکہ آسٹریلیا کا نیوزی لینڈ کے خلاف اس وکٹ کیلیے ایک ریکارڈ ہے۔ برنز آخر کار 170 رنز بناکر نیل ویگنر کی ایک شاٹ پچ بال کو پل کرنے کی کوشش میں اسکوائر لیگ پر موجود مارٹن گپٹل کے ہاتھوں کیچ ہوگئے، یہ برنز کا کیریئر بیسٹ اسکور اور تیسری ٹیسٹ سنچری ہے۔

گپٹل نے ہی اگلے اوور میں ویگنر کو ایک اور وکٹ دلائی، اسمتھ اپنے ساتھی کے ہی انداز میں آؤٹ ہوگئے، انھوں نے 138 رنز اسکور کیے جوکہ ان کی طویل طرز کے فارمیٹ میں 14 ویں سنچری شمار ہوئی۔ جب دوسرے دن کے کھیل کا اختتام ہوا تو آسٹریلیا 4 وکٹ پر 363 رنز بناچکا تھا، ایڈم ووگز 2 اور نائٹ واچ مین ناتھن لیون 4 رنز کے ساتھ کریز پرموجود تھے، آسٹریلیا کو پہلی اننگز کا خسارہ پورا کرنے کیلیے مزید صرف 7 رنز درکار جبکہ اس کی 6 وکٹیں باقی ہیں، بولٹ اور ویگنر دونوں نے2،2 وکٹیں لیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں