نیل ویگنر کے باؤنسر نے اسٹیون اسمتھ کے ہوش اڑادیئے

ہیلمٹ پرپڑنے والی زوردار ضرب سے آسٹریلوی کپتان زمین بوس، پلیئرز اور شائقین پریشان


AFP February 22, 2016
ہیلمٹ پرپڑنے والی زوردار ضرب سے آسٹریلوی کپتان زمین بوس، پلیئرز اور شائقین پریشان۔ فوٹو: گیٹی

نیل ویگنر کے تباہ کن باؤنسر نے اسٹیون اسمتھ کے ہوش اڑدیے، ہیلمٹ پر پڑنے والی زوردار ضرب نے آسٹریلوی کپتان کو زمین بوس کردیا، کھلاڑیوں اور تماشائیوں میں سراسیمگی پھیل گئی، چند منٹ بعد پاؤں پر کھڑے ہوئے تو سب نے سکھ کا سانس لیا۔

تفصیلات کے مطابق کرائسٹ چرچ میں جاری دوسرے ٹیسٹ کے دوسرے روز نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر نیل ویگنر نے آسٹریلوی بیٹنگ جوڑی جوئے برنز اور اسمتھ کو نشانہ بنانے کیلیے بے دریغ شارٹ پچ بالز کرائیں، ان میں سے ہی ایک باؤنسر آسٹریلوی کپتان کے ہیلمٹ پر اس زور سے لگا کہ وہ اپنے پاؤں پر کھڑے نہیں رہ پائے اور نیچے گر گئے، ان کی یہ حالت دیکھ کر نہ صرف فیلڈ میں موجود پلیئرز بلکہ شائقین تک پریشان ہوگئے، ان کی نگاہوں میں 15 ماہ قبل آسٹریلیا کے بیٹسمین فل ہیوز کی المناک موت لہرانے لگی، کیوی فیلڈرز فوری طور پر مدد کیلیے اسمتھ کی جانب لپکے جبکہ میڈیکل اسٹاف بھی فوراً فیلڈ میں آگیا، تھوڑی دیر بعد اسمتھ نے آنکھیں کھول دیں اور اپنے پاؤں پر کھڑے ہوگئے۔

میڈیکل اسٹاف نے اچھی طرح تسلی کرنے کے بعد انھیں پھر سے کھیل جاری رکھنے کی اجازت دے دی، بعد میں وہ سنچری بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ ویگنر نے کہا کہ جب اسمتھ نیچے گرے تو میں خود بھی گھبرا گیا تھا کوئی بھی جان بوجھ کر کسی کے سر کو نشانہ نہیں بناتا اور نہ ہی حریف کھلاڑیوں کی ایسی حالت دیکھنا چاہتا ہے مگر ایک کھلاڑی کے ناطے مجھے اپنی ٹیم کی کامیابی میں کردار ادا کرنا ہے اور صورتحال کے مطابق شارٹ پچ بالز ہی کارآمد ثابت ہونے کا امکان تھا، مجھے اپنی بولنگ کوئی افسوس نہیں بلکہ میں شارٹ پچ بالز کا سلسلہ جاری رکھوں گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔