ایشیا کپ اور ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کیلیے شرجیل سمیع اور خالد لطیف اسکواڈ میں شامل

بابراعظم، رومان رئیس اور افتخار احمد کی جگہ شرجیل خان، محمد سمیع اور خالد لطیف کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔

بابراعظم، رومان رئیس اور افتخار احمد کی جگہ شرجیل خان، محمد سمیع اور خالد لطیف کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔ فوٹو: فائل

KARACHI:
ایشیا کپ اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے اسکواڈ میں شامل میڈیم فاسٹ بولر رومان رئیس، افتخار احمد اور بابراعظم کی جگہ خالد لطیف ، محمد سمیع اور شرجیل خان کو قومی اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔


ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستان سپرلیگ کے پہلے مرحلے میں شاندار کارکرگی کا مظاہرہ کرنے پر اسلام آباد یونائیٹڈ کے رومان رئیس اور بابراعظم کو ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے لئے اعلان کردہ 15 رکنی اسکواڈ میں شامل کیا گیا تاہم اب ٹیم میں کچھ تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ ایشیا کپ میں بابر اعظم کی جگہ شرجیل خان جب کہ رومان رئیس کے بدلے محمد سمیع کو اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔


دوسری جانب حیران کن طور پر ورلڈکپ کے لیے قومی اسکواڈکا حصہ بننے والے افتخار احمد کو ٹیم سے ڈراپ کرکے اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کرنے والے خالد لطیف کو ورلڈکپ کے لیے اسکواڈ کا حصہ بنادیا گیا ہے تاہم محمد سمیع اور شرجیل خان کی ورلڈکپ کے لیے اسکواڈ میں شمولیت ان کی ایشیا کپ میں کارکردگی سے مشروط کی گئی ہے۔

گزشتہ روز پاکستان سپر لیگ کے کوالیفائنگ راؤنڈ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے اوپننگ بیٹسمین شرجیل خان نے پشاور زلمی کے خلاف انتہائی جارحانہ انداز سے بیٹنگ کرتے ہوئے پی ایس ایل کی پہلی اور واحد سنچری اسکور کرنےکا اعزاز حاصل کیا تھا، اور شرجیل خان کی یہی کارکردگی قومی سلیکٹرزکو متاثر کرنے میں کامیاب رہی اور انہیں ایشیا کپ میں بابراعظم کی جگہ ٹیم میں شامل کرلیا گیا ہے

واضح رہے پشاور زلمی اور قومی ٹی ٹوئنٹی کے کپتان شاہد آفریدی نے بھی گزشتہ روز شرجیل خان کی پرفارمنس پر ٹیم میں شامل کرنے کا اشارہ دیا تھا۔

Load Next Story