کراچی عالمی دفاعی نمائش’’آئیڈیاز2012‘‘ آج شروع ہوگی

نمائش میں50ملکوں کے80وفود، ملکی و غیرملکی200کمپنیاں شرکت کررہی ہیں


Business Reporter November 07, 2012
کراچی: ایکسپو سینٹر میں آئیڈیاز نمائش کی تیاریوں میں الخالد ٹینک کو نمائش کے لیے رکھا گیا ہے۔ فوٹو: ایکسپریس

ایکسپوسینٹرمیں دفاعی ہتھیاروں کی7ویں بین الاقوامی نمائش ''آئیڈیاز 2012'' آج سے شروع ہوگی۔

ڈیفنس ایکسپورٹ پروموشن آرگنائزیشن (ڈی ای پی او) کے ڈائریکٹر کوآرڈینیشن بریگیڈیئر مظہر ممتاز نے دفاعی ہتھیاروں کی7ویں بین الاقوامی نمائش ''آئیڈیاز 2012'' کے سلسلے میں پریس بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جے ایف17تھنڈرجنگی جہاز اپنی اپنی کٹیگری کے لحاظ سے دنیا کے بہترین جہازوں میں سے ایک ہے الخالد ٹینک بھی اپنی افادیت اور معیار کا لوہا منواچکا ہے، پاکستان کو دفاعی ہتھیاروں کی بہتر قیمت اور پائیداری کی وجہ سے بین الاقوامی مارکیٹ میں بہت سے ممالک پر سبقت حاصل ہے۔

بریگیڈیئرمظہرممتاز نے کہا کہ دفاعی ہتھیاروں کی فروخت کیلیے موثر مارکیٹنگ کے ساتھ سفارتی روابط کے ذریعے موثر کمیونی کیشن کی بھی ضرورت ہوتی ہے بڑے ہتھیاروں کی فروخت میں زیادہ مسابقت کا سامنا ہوتا ہے تاہم پاکستان جلد ہی بڑے ہتھیاروں میں بھی بہتر مقام حاصل کرلے گا۔ دفاعی ہتھیاروں کی نمائش آئیڈیاز 2012، اسلحہ سازی اور عسکری ضرورتوں کو پورا کرنے کے لیے پاکستان کی صلاحیت اجاگر کرنے کا بہترین ذریعہ ثابت ہوگی، 7سے 11نومبر کراچی ایکسپو سینٹر میں ہونیو الی نمائش میں50ملکوں کے80وفود، ملکی و غیرملکی200کمپنیاں شرکت کررہی ہیں جبکہ ترکی اور چین کے خصوصی پویلین بھی لگائے جارہے ہیں۔

ڈائریکٹر کوآرڈینیشن بریگیڈیئر مظہر ممتاز نے مزید بتایا کہ نمائش کے ساتھ سیکیورٹی کانفرنس میں ملکی و غیرملکی ماہرین پاکستان سمیت دنیا بھر میں درپیش سیکیورٹی چیلنجز پر ماہرانہ رائے پیش کریں گے انہوں نے بتایا کہ سیکیورٹی کانفرنس میں غیرملکی مندوبین کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کردار اور پاکستانی قوم کی جانب سے دی جانے والی قربانیوں بالخصوص سوات اور فاٹا میں دہشت گردوں کی سرکوبی کے دوران ہونے والی کامیابیوں اور چیلنجز سے آگاہ کیا جائے گا۔ڈائریکٹر میڈیا ڈیفنس ایکسپورٹ پروموشن آرگنائزیشن کموڈور صدیق اکبرنے منگل کو ایکسپو سینٹر میں منعقدہ بریفنگ میں میڈیا کو بتایا نمائش میں ملکی سطح پر تیار کردہ اہم دفاعی مصنوعات کی نمائش کی جائیگی جن میں سرفہرست لڑاکا ٹینک الخالد، جے ایف17تھنڈرطیارے، جیٹ ٹرینر ایئرکرافٹ اور بغیر پائلٹ کے طیارے شامل ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں