غیرت کے نام پر قتل غیرت نہیں سنگین جرم ہے وزیراعظم

اسلام خواتین کے حقوق پر خاص توجہ دیتا ہے اور انہیں مردوں کے مساوی حقوق دیتا ہے،وزیراعظم


ویب ڈیسک February 22, 2016
اسلام خواتین کے حقوق پر خاص توجہ دیتا ہے اور انہیں مردوں کے مساوی حقوق دیتا ہے،وزیراعظم. فوٹو؛فائل

HANGU: وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ غیرت کے نام پر کسی کو قتل کردینا غیرت نہیں بلکہ سنگین جرم ہے۔

وزیراعظم آفس میں شرمین عبید چنائے کی دستاویزی فلم " آ گرل ان دا ریور" کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ شرمین عبید چنائے نے غیرت کے نام پر قتل کے موضوع پر فلم بنا کر اچھا کام کیا اور انہوں نے معاشرے کے چیلنجنگ موضوعات کا انتخاب کیا جس نے معاشرے کے تاریک پہلوﺅں پرروشنی ڈالی جب کہ فلم سازی میں پاکستانی بیٹی کی عزت افزائی پر فخر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ غیرت کے نام پر قتل غیرت نہیں بلکہ سنگین جرم ہے اور اس قابل نفرت اقدام کو روکنے کے لئے موجودہ حکومت سے جو ہوسکا وہ کیا جائے گا،اسلام خواتین کے حقوق پر خاص توجہ دیتا ہے اور انہیں مردوں کے مساوی حقوق دیتا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ غیرت کے نام پر قتل جیسی دیگر روایت اسلام سمیت تمام مذاہب میں ناپسندیدہ ہیں کیونکہ اسلام نے خواتین کے حقوق اور عزت کی حفاظت کو پسندیدہ قراردیا ہے، بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح چاہتے تھے کہ پاکستان میں خواتین مردوں کے شانہ بشانہ کام کریں اور اسی ویژن کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت خواتین کو حقوق دینے کے لئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں