صدر روزگارکی فراہمی کے پروگرام کا اعلان آئندہ ماہ کرینگے

’’روزگار کی فراہمی، خوشحال پاکستان کی نشانی‘‘ کے تحت نوجوانوںکو2لاکھ روپے قرض دیا جائیگا

قرضے کی واپسی ایک ہزار روپے ماہانہ کی بنیاد پر ہوگی، پروگرام کو حتمی شکل دی جارہی ہے فوٹو : فائل

صدر آصف علی زرداری آئندہ ماہ نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کے ایک بڑے پروگرام ''روزگار کی فراہمی، خوشحال پاکستان کی نشانی'' کا اعلان کریں گے۔


اس کے تحت ملک بھر میں تین لاکھ ہنرمند نوجوانوں کو چھوٹے پیمانے پر اپنا روزگار شروع کرنے کیلیے 2 لاکھ روپے فی کس بلا سود قرضہ فراہم کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق اس پروگرام کے تحت سندھ کے70 ہزار، پنجاب کے ڈیڑھ لاکھ اور خیبر پختونخواہ اور بلوچستان کے 40، 40ہزار ہنرمند نوجوانوں کو دو، دو لاکھ ر وپے قرض فراہم کیا جائے گا۔ اس قرضے کی واپسی ایک ہزار روپے ماہانہ کی بنیاد پر ہوگی۔ اس پروگرام پر عمل درآمد کیلیے وفاقی حکومت ایک ڈائریکٹوریٹ بھی قائم کرے گی۔

قرض کے درخواست فارم ایک قومی بینک کی شاخوں سے دستیاب ہوں گے۔درخواست دہندگان کا انتخاب کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی سے ہوگا تاہم ہر صوبے میں ہر یونین کونسل کو مساوی قرضے دیے جائیں گے۔پروگرام کی مانیٹرنگ کیلیے وفاقی وزیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی جائے گی جس میں دیگر وفاقی وزرا اور بیورو کریٹس بھی شامل ہوں گے۔ ذرائع نے بتایا کہ پروگرام کو حتمی شکل دی جارہی ہے۔ اس پروگرام کیلیے30 ارب روپے مختص کیے جائیں گے۔ پروگرام کا آغاز مارچ 2013میںہوگا۔
Load Next Story