جامشورو بجلی گھر تھرکے کوئلے سے ہی چلایا جائیگا وزیراعظم

جینکو کو پابند کردیا گیا، معاہدے پر دستخط کرائیں گے، وزیراعلیٰ سندھ کو یقین دہانی

جینکو کو پابند کردیا گیا، معاہدے پر دستخط کرائیں گے، وزیراعلیٰ سندھ کو یقین دہانی

لاہور:
وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے وزیراعلیٰ سندھ کو یقین دہانی کرائی ہے کہ جامشورو بجلی گھر کو تھر کے کوئلے سے ہی شروع کیا جائے گا۔


اس ضمن میں جینکو کو پابند کیا گیا ہے کہ تھر کوئلے کے ذریعے ہی جامشورو بجلی گھر کو شروع کیا جائے ۔ ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے منگل کو وزیراعظم راجا پرویز اشرف کی کراچی آمد کے موقع پر جینکو کی جانب سے جامشورو بجلی گھر کو کوئلے سے شروع کرنے کے معاہدے پر دستخط نہ کرنے کا معاملہ اٹھایا اور زور دیا کہ اگر اس حوالے سے وفاقی حکومت یہ تھر کے کوئلے کو اہمیت نہیں دے گی تو پھر دنیا کیسے راغب ہوگی اور بیرون سرمایہ کاری بھی مشکل ہوجائے گی۔

اس لیے ضروری ہے کہ تھر کے کوئلے کو اجاگر کرنے کے لیے جامشورو بجلی گھر کو تھر کے کوئلے سے شروع کیا جائے اس ضمن میں پہلے ہی آپ (راجا پرویز اشرف ) کی زیر صدارت فیصلہ کیا جاچکا ہے لیکن جینکو عملدرآمد میں تاخیری ہربے استعمال کر رہا ہے اس لیے اسے فوری پابندکیا جائے کہ وہ سندھ حکومت کے ساتھ اس حوالے سے معاہدہ کرے ۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف نے وزیراعلیٰ سندھ کو یقین دلایا کہ وہ جینکو کو اس ضمن میں پابند کریں گے کہ وہ صرف تھر کوئلے سے ہی جامشورو بجلی گھر کو شروع کریں جلد ہی اس حوالے سے معاہدے پر دستخط کرائے جائیں گے ۔
Load Next Story