یواے ای نے ایشیا کپ کے مین راؤنڈ میں جگہ بنالی

خلیجی ملک نے فیصلہ کن کوالیفائر میں اومان کو 71رنز سے پچھاڑدیا، افغانستان آؤٹ

خلیجی ملک نے فیصلہ کن کوالیفائر میں اومان کو 71رنز سے پچھاڑدیا، افغانستان آؤٹ فوٹو: فائل

ناقابل شکست متحدہ عرب امارات نے اومان کو روند کر ایشیا کپ کے مین راؤنڈ میں جگہ بنالی، کوالیفائنگ ایونٹ کے آخری مقابلے میں 71 رنز کی شاندار کامیابی حاصل کی، ہانگ کانگ کو 66 رنز سے زیر کرنے والی افغانستان ٹیم ہاتھ ملتی رہ گئی۔

تفصیلات کے مطابق یو اے ای نے کوالیفائنگ راؤنڈ میں اپنے تیسرے میچ میں اومان کو 71 رنز سے شکست دے کر ناقابل شکست رہتے ہوئے مین راؤنڈ میں پاکستان، بھارت، سری لنکا اور بنگلہ دیش کے ساتھ ایشیا کپ کھیلنے کا موقع حاصل کرلیا ہے، گذشتہ روز اس نے پہلے کھیلتے ہوئے 6 وکٹ پر 172 رنز بنائے، محمد کلیم نے سب سے زیادہ 50 اور مین آف دی میچ محمد عثمان نے22 بالز پر 46 رنز بنائے، عامر کلیم نے 4 وکٹیں لیں۔


جواب میں اومان کی ٹیم 8 وکٹ پر 101 رنز بنا پائی، ذیشان مقصود نے 46 رنز بنائے، ڈبل فیگر میں پہنچنے والے دیگر دو کھلاڑی صفیان محمود (13 ناٹ آؤٹ) اور عامر کلیم (12) تھے، محمد نوید اور قدیر احمد نے دودو وکٹیں لیں۔ اس سے قبل افغانستان نے ہانگ کانگ کو 66 رنز سے زیر کیا، فاتح سائیڈ نے 7 وکٹ پر 178 رنز بنائے.

نجیب اللہ زدران 60 رنز پر ناقابل شکست رہے، اصغر ستنکزئی نے 49 رنز بنائے۔ اعزاز خان نے تین وکٹیں لیں۔ جواب میں ہانگ کانگ کی ٹیم 17.1 اوورز میں 112 رنز پر ڈھیر ہوگئی، انوشمان راٹھ نے سب سے زیادہ 41 رنز بنائے، کنچیت شاہ (29) اور بابر حیات (18) کے سوا باقی کوئی بھی دہرے ہندسے میں داخل نہیں ہوسکا۔ محمد نبی نے چار وکٹیں لیں۔
Load Next Story