ریواوپن ٹینس 35 سالہ شیوا نے 3برس بعد ٹائٹل جیتنے میں کامیاب

ویمنز سنگلز فائنل میں امریکی پلیئر شیلبی روجرز کو شکست، مینز ٹرافی پبلو کیواس کے نام رہی

ڈیرلے بیچ مینز کے آل امریکن فائنل میں سام کیورے نے راجیو رام کو قابو کرلیا، قطر ڈبلیو ٹی اے میں جینی بوچارڈ اور آندریا پیٹکووک کا فاتحانہ آغاز ۔ فوٹو : اے ایف پی

PESHAWAR:
35 سالہ فرانسسکا شیوانے 3 برس بعد ٹائٹل جیتنے میں کامیاب ہوگئیں، انھوں نے ریو اوپن ٹینس کی ویمنز سنگلز ٹرافی قبضے میں کرلی، فائنل میں امریکی حریف شیلبی روجرز کو شکست کا سامنا رہا، مینز سنگلز ٹرافی یوروگوئے کے پبلو کیواس نے جیت لی۔

سیمی فائنل میں رافیل نڈال کو مات دینے کے بعد بلند حوصلہ کیواس نے فائنل میں ارجنٹائنی پلیئر گیڈیو پیلا کو بھی ٹھکانے لگادیا، دوسری جانب ڈیرلے بیچ مینز ٹینس کے آل امریکن فائنل میں سام کیورے نے راجیو رام کو قابو کرلیا، ادھر دوحا میں شروع ہونے والی قطر ویمنز ٹینس چیمپئن شپ میں جینی بوچارڈ ، آندریا پیٹکووک، کیٹرینا بوندرنیکو، ڈونا ویسک، مارگریٹا گیسپرین اور ژینگ سائی سائی نے پہلا مرحلہ عبور کرلیا۔تفصیلات کے مطابق 35 سالہ فرانسسکا شیوانے 3 برس بعد ٹائٹل جیتنے میں کامیاب ہوگئیں، انھوں نے ریو اوپن ٹینس کے ویمنز سنگلز فائنل میں امریکی حریف شیلبی روجرز کو دلچسپ مقابلے میں 2-6،6-2 اور6-2 سے ٹھکانے لگادیا۔

شیوانے رواں برس جون میں اپنی 36ویں سالگرہ منائیں گی، سابق فرنچ اوپن چیمپئن اطالوی پلیئر نے 23 سالہ حریف کو پچھاڑ کر مجموعی طور پر کیریئر کا ساتواں ٹائٹل اپنے قبضے میں کیا ہے، وہ رواں برس ٹائٹل جیتنے والی تیسری اٹالین پلیئر بنیں، ان سے قبل گذشتہ ہفتے سینٹ پیٹرزبرگ میں روبریٹا ونسی نے چیمپئن بننے کا اعزاز پایا جبکہ دبئی میں سارا ایرانی نے وننگ ٹرافی اپنے نام کی ہے، ٹائٹل فتح شیوانے کیلیے خاصی اطمینان بخش رہی کیونکہ وہ خاصے عرصے سے کسی بھی گرینڈ سلم کے مین ڈرا میں جگہ نہیں بناپارہی ہیں۔


رواں برس جنوری میں منعقدہ آسٹریلین اوپن میں بھی ان کا سفر کوالیفائنگ کے دوسرے راؤنڈ تک محدود رہا تھا، نئی رینکنگ میں وہ دنیا کی ٹاپ 100 پلیئرز میں واپس آگئی ہیں۔مینز سنگلز ٹرافی یوروگوئے کے پبلو کیواس نے جیت لی، سیمی فائنل میں رافیل نڈال کو مات دینے کے بعد بلند حوصلہ کیواس نے فائنل میں ارجنٹائنی پلیئر گیڈیو پیلا کو بھی 6-4،6-7(5/7) اور6-4 سے قابو کرلیا، مقابلہ دو گھنٹے16 منٹ جاری رہا، پہلے سیٹ میں بارش کے سبب تعطل آیا اور میچ کو اگلے دن مکمل کیاگیا، کیواس کو ٹرافی کے ہمراہ 303,000 ڈالر کی خطیر انعامی رقم بھی ملی، رنر اپ پیلا کو بھی 142,450 ڈالر ملے۔

جو ان کے کیریئر کا بھی اب تک کا بڑا انعام ہے۔دوسری جانب ڈیرلے بیچ مینز ٹینس کے آل امریکن فائنل میں سام کیورے نے راجیو رام کو 6-4، 7-6(8/6) سے قابو کرلیا، کیورے نے بھی 2012 کے بعد پہلا اے ٹی پی ٹائٹل اپنے نام کیا ہے، میچ میں انھوں نے اپنے سات میں سے چھ اختتامی پوائنٹس ٹائی بریکر پر جیتے، مجموعی طورپر یہ ان کے کیریئر کی آٹھویں ٹرافی بنی، تاہم اس سے قبل انھوں نے 2012 کا لاس اینجلس اوپن جیتا تھا۔ادھر دوحا میں شروع ہونے والی قطر ویمنز ٹینس چیمپئن شپ میں جینی بوچارڈ، آندریا پیٹکووک، کیٹرینا بوندرنیکو، ڈونا ویسک، مارگریٹا گیسپرین اور ژینگ سائی سائی نے پہلا مرحلہ عبور کرلیا، یوکرینی اسٹار کیٹرینا نے جرمن حریف اینیکا بیک کو اسٹریٹ سیٹ میں 6-4، 6-4 سے پچھاڑدیا۔

کروشیا سے تعلق رکھنے والی ڈونا ویسک نے اومانی پلیئر فاطمہ النبھانی کو 6-0، 6-0 سے آؤٹ کلاس کردیا، جینی بوچارڈ نے اناستاسیجا سیواسٹووا کو 5-7، 6-3 اور7-6(7/4) سے مات دیکر دوسرے راؤنڈ میں جگہ بنالی، یولیا پوٹنٹسیوا نے اینا کیرولینا شیملڈووا کو 6-2 اور6-4 سے قابو کیا، جرمن پلیئر آندریا پیٹکووک نے روسی حریف ایکٹرینا ماکارووا کو 6-3 اور6-2 سے ہرادیا۔روسی پلیئر ڈاریا کیساٹینکا نے چین کی وانگ کیانگ کو 6-1،2-6 اور6-3 سے قابو کرلیا، ان کی ہموطن مارگریٹا گیسپرین نے 10 سیڈ کیرولینا پلسکووا کو 6-1،6-1 سے اپ سیٹ شکست دی۔

ترکی کی کیگلا بیوکیکسی نے جمہوریہ چیک کی لوسی ہارڈیکا پر 6-4،6-7(7/9) اور6-2 سے غلبہ پالیا، لٹویا کی جیلینا اوسٹاپینکو نے زرینہ ڈیاس کو 6-1 اور6-3 سے واپسی پر مجبور کردیا، چینی پلیئر زینگ سائی سائی نے امریکا کی وارویرا لیپچنکو کو6-2 ، 7-6(8/6) سے زیر کرلیا۔
Load Next Story