پیپلز پارٹی کو نقصان پہنچانے کیلئے عزیر بلوچ کو استعمال کیاجارہا ہے مولا بخش چانڈیو

خدشہ ہے کہ ذوالفقار مرزاہ وہ بہت سارے لوگوں کو گھیرے میں لائیں گئے اور کہیں گے کہ میں اکیلا نہیں تھا، مشیر اطلاعات


ویب ڈیسک February 23, 2016
حکمران ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور ہمارے مینڈیٹ کا احترام کریں ، مولا بخش چانڈیو : فوٹو : فائل

HONG KONG: صوبائی مشیر اطلاعات مولا بخش چانڈیو کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کو نقصان پہنچانے کیلئے عزیر بلوچ کو استعمال کیاجارہا ہے۔

حیدر آباد میں حیدر آباد یونین آف جرنلسٹ کے نومنتخب عہدیداروں کی تقریب حلف برداری میں خطاب کرتے ہوئے صوبائی مشیر اطلاعات مولا بخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ مردم شماری ہماری بقا ہے اور سندھ کے شہریوں نے مردم شماری کے التوا کو مسترد کردیا ہے، ہم ملک دشمن نہیں، ہم بھی ملک چلانا چاہتے ہیں لیکن ہمارے مینڈیٹ کا احترام کیا جائے ،مردم شماری کمیشن میں سندھ کا ایک بھی رکن موجود نہیں، ہمیں خدشہ ہے کہ ہمیں اقلیت میں تبیدیل کردیا جائے گا اس لئے مردم شماری میں التوا قابل قبول نہیں۔ سندھ میں مستقل رہنے والے کسی بھی ایک دن آپس کی لڑائیاں چھوڑ کر اپنے صوبے میں حقیقی امن کے لئے کوشاں ہوں گے کیونکہ پوری دنیا میں ہمیشہ محبت ہی جیتی ہے اور یہاں بھی محبت ہی فاتح ہوگی۔

مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ عزیر بلوچ کو خصوصی طور پر باہر سے لایا گیا ہے تاکہ پیپلز پارٹی کو نقصان پہنچایا جائے، ذوالفقار مرزا نے عزیر بلوچ کی گرفتاری پر ایسے بیانات دیے جس کے بعد پورے صوبے سے یہ آوازیں آرہی تھیں کہ انہیں پوچھ گچھ کے لیے بلایا جائے گا،ممکن ہے کہ وہ خود چاہتے ہوں کہ انہیں بلایاجائے،خدشہ ہے کہ وہ بہت سارے لوگوں کو گھیرے میں لائیں گئے اور کہیں گے کہ وہ ان معاملات میں تنہا نہیں تھے۔

مولا بخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ ہمیں اعتراض ڈاکٹر عاصم کے احتساب پر نہیں بلکہ دہشتگردی دفعات لگانے پر ہے۔ سندھ میں احتساب کےنام پر کارروائیاں ہوئیں تو کہاگیا نیب مقدس ادارہ ہے، نیب نے پنجاب میں کارروائی کی تو کہا جارہا ہے قانون کے مطابق چلیں گے، جانبداری سےحکومت نہیں چل سکتی،وفاق کوتمام صوبوں کومطمئن کرناہوگا، حکمرانوں کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا اور پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے تو سندھ میں ہٹلر کا فلسفہ نہیں چلے گا ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔