لندن اسکول آف اکنامکس کا قائد اعظم کی عظمت کو خراج تحسین

لندن اسکول آف اکنامکس ( ایل ایس ای) نے انسٹی ٹیوٹ میں ’’ جناح چیئر‘‘ قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔


ویب ڈیسک February 23, 2016
لندن اسکول آف اکنامکس ( ایل ایس ای) نے انسٹی ٹیوٹ میں ’’ جناح چیئر‘‘ قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ فوٹو؛فائل

بانیِ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی قائدانہ صلاحیتوں اور عظمت کے احترام میں لندن اسکول آف اکنامکس ( ایل ایس ای) نے انسٹی ٹیوٹ میں '' جناح چیئر'' قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ایل ایس ای کے سربراہ اور پروفیسر کریگ کولہن نے وزیرِ اعظم نواز شریف سے ملاقات کے دوران چیئر کے قیام کا اعلان کیا جب کہ اس موقع پر وزیرِ اعظم نے اس کا خیرمقدم کرتے ہوئے ایل ایس ای اور مقامی جامعات کے درمیان مزید تعاون اور اشتراک پر زور دیا۔

لندن اسکول آف اکنامکس کے سربراہ نے پاکستان میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے پر اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اسے امید افزا قرار دیا جب کہ ان کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان میں سیکیورٹی اور معاشی صورتحال کی بہتری دیکھ رہے ہیں اور یہ سب پاکستان کے مثبت تصور کو اجاگر کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کو اقتصادی لیڈر بنانے اور اس کی پالیسی سازی میں مدد کریں گے۔

پروفیسر کریگ کولہن سے گفتگو میں نواز شریف نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف پرعزم ہے اور ملک ترقی کی درست سمت میں جارہا ہے اس کے علاوہ پاکستان خطے میں امن و امان کے قیام کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ہرکونے میں چھپے دہشت گردوں اور شرپسندوں کا خاتمہ کیا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔