ایف بی آر نے کل بورڈ ان کونسل کا اجلاس طلب کرلیا

ممبرلیگل اورانفورسمنٹ کے اختیارات میں توسیع،آئی آرآئی ایس میں ترامیم پرغور ہوگا

ممبرلیگل اورانفورسمنٹ کے اختیارات میں توسیع،آئی آرآئی ایس میں ترامیم پرغور ہوگا فوٹو: فائل

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ممبر لیگل اور ممبر انفورسمنٹ کے اختیارات میں توسیع اور ٹیکس دہندگان کو درپیش مسائل کے حل کے لیے آئی آر آئی ایس سیلز ٹیکس رجسٹریشن سسٹم کو موثر و فعال بنانے کے لیے جامع ترامیم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس مقصد کے لیے ایف بی آر نے جمعرات کو بورڈ ان کونسل کا اجلاس طلب کرلیا ہے۔


''ایکسپریس'' کو دستیاب دستاویز کے مطابق اجلاس میں 5 نکاتی ایجنڈے کا جائزہ لیا جائے گا اور بورڈ ان کونسل کے گزشتہ اجلاس کے منٹس کی منظوری دی جائے گی جبکہ ایف بی آر کے ممبر لیگل اور ممبرانفورسمنٹ کے اختیارات میں توسیع کا معاملہ بھی زیرغور آئے گا۔ ذرائع کے مطابق ایف بی آر مختلف قانونی فورمز پر زیرسماعت ٹیکس کیسوں کی پیروی اور مقدمے بازی کوکم کرنے کے حوالے سے ممبر لیگل کے اختیارات میں توسیع کا جائزہ لے رہا ہے۔

اس معاملے کے ساتھ بورڈ ان کونسل کے اجلاس میں ممبر انفورسمنٹ کے اختیارات میں توسیع کی سمری پر بھی غور ہوگا۔ دستاویز میںبتایا گیاکہ بورڈ ان کونسل آئی آرآئی ایس سیلز ٹیکس رجسٹریشن کے موجودہ نظام میں ترامیم کرنے کا بھی جائزہ لے گی تاکہ نظام کو موثر و فعال بنایا جاسکے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بورڈ ان کونسل کے اجلاس میں گزشتہ 7ماہ کی کارکردگی اور باقی 5 ماہ کے دوران ریونیو میں اضافے سے متعلق اقدامات پر بھی غور ہوگا، بجٹ سازی کے امور کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
Load Next Story