وزیراعظم بنا تو نئے پاکستان کی تشکیل کے لئے جہاد کا اعلان کروں گا عمران خان

بھارت کشمیر میں نفسیاتی جنگ ہار رہا ہے۔ بر سراقتدار آکر پاکستان، بھارت اور کشمیریوں کو مذاکرات کی میز پر لاؤں گا۔


ویب ڈیسک November 07, 2012
پاکستان میں امریکی کٹھ پتلی حکمران خود اس کے اپنے مفاد میں نہیں۔،عمران خان ۔ فوٹو: فائل

KARACHI: تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ اگر برسراقتدار آیا تو دہشت گردی کے نام پر امریکی جنگ سے الگ ہوکر نئے پاکستان کی تعمیر کے لئے جہاد کا اعلان کروں گا۔

بھارتی اخبار کو دیئے گئے انٹرویو میں عمران خان نے کہا کہ کشمیر سمیت تمام مسائل کا حل مذاکرات سے ہی ممکن ہے، کشمیریوں کے خلاف فوجی طاقت کے استعمال سے بھارت نفسیاتی جنگ ہار رہا ہے۔ بر سراقتدار آکر مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے وہ پاکستان، بھارت اور کشمیریوں کو مذاکرات کی میز پر لائیں گے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ممبئی حملوں کے مبینہ ذمہ داروں کے خلاف پاکستان میں قانونی کارروائی جاری ہے لیکن بھارت کو یہ سمجھنا ہوگا کہ قانونی جنگ طویل اور صبر آزما ہوتی ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی بہتری کے لئے ایک قدم آگے بڑھایا جاتا ہے تو کچھ قوتیں انہیں دو قدم پیچھے دھکیل دیتی ہیں لیکن بہتر تعلقات کے فروغ کے لئے دونوں ملکوں کو ایک دوسرے پر بھروسہ کرنا ہوگا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ انہیں یقین ہے کہ آئندہ عام انتخابات میں تحریک انصاف کامیابی حاصل کرے گی۔اگر وہ وزیراعظم بنے تو نئے پاکستان کی تعمیر اور ملک میں دہشت گردی کے خاتمے اور دہشت گردوں کو غیر مسلح کرنے کے لئے جہاد کا اعلان کریں گے۔

تحریک انصاف کے سربراہ کا مزید کہنا تھا کہ وہ امریکا کے نہیں امریکی پالیسیوں کے خلاف ہیں۔ امریکا کو یہ سمجھنا ہوگا کہ پاکستان میں امریکی کٹھ پتلی حکمران اس کے اپنے مفاد میں نہیں۔

عمران خان نے دعویٰ کیا کہ اگریہ ثابت ہوگیا کہ انہوں نے فوج یا آئی ایس آئی سے ایک روپے کا بھی مالی تعاون لیا ہے تو وہ سیاست چھوڑ دیں گے ۔

واضح رہے کہ عمران خان ان دنوں عالمی اقتصادی فورم کے اجلاس میں شرکت کے لئے بھارت کے دورے پر ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں