ریویو مسترد ہونے پر ہیزل ووڈ کی تھرڈ امپائر سے بدتمیزی

نازیبا الفاظ اسٹمپ مائیکرو فون کے ذریعے دنیا نے سن لیے، غلطی ماننے پر جرمانہ عائد


Sports Desk February 24, 2016
نازیبا الفاظ اسٹمپ مائیکرو فون کے ذریعے دنیا نے سن لیے، غلطی ماننے پر جرمانہ عائد فوٹو: فائل

نیوزی لینڈ کیخلاف دوسرے ٹیسٹ میں فیصلہ اپنے خلاف آنے پر آسٹریلوی کھلاڑیوں نے امپائرزکا گھیرائو کرلیا، غصے میں بدزبانی پر اتر آئے، جوش ہیزل ووڈ کے تھرڈ امپائر کے بارے میں نازیبا الفاظ اسٹمپ مائیکرو فون کے ذریعے پوری دنیا نے سنے، قصور تسلیم کرلینے پر صرف 15 فیصد میچ فیس جرمانہ ہوئی۔

تفصیلات کے مطابق دوسرے ٹیسٹ کے چوتھے روز نیوزی لینڈ کے بیٹسمین کین ولیمسن کی مزاحمت نے آسٹریلوی ٹیم کا بلڈ پریشر بڑھائے رکھا مگر اس وقت ان کا غصہ عروج پر پہنچ گیا جب لنچ سے قبل جوش ہیزل ووڈ نے ان کیخلاف ایل بی ڈبلیو کی زوردار اپیل کی، ولیمسن اس وقت 88 رنز پر کھیل رہے تھے تاہم امپائر رینمور مارٹینس نے اپیل کو رد کردیا جس پر کپتان اسٹیون اسمتھ نے فوراً ریویو لیا، تھرڈ امپائر رچرڈ النگورتھ نے ری پلیز کا اچھی طرح جائزہ لینے کے بعد فیلڈ امپائر مارٹینس کو ناٹ آئوٹ فیصلہ برقرار رکھنے کا حکم دیا، دلچسپ بات یہ ہے کہ ولیمسن کے بیٹ کے نچلے حصے پر ہاٹ اسپاٹ کا چھوٹا سا نشان بن رہا تھا۔ بڑی اسکرین پر ری پلے دیکھنے والے آسٹریلوی کھلاڑی غصے میں آگئے، ہیزل ووڈ ، اسمتھ اور دیگر سب امپائرز کے گرد جمع ہوگئے، انھوں نے کہا کہ کیا یہ بیٹ پر ہاٹ اسپاٹ کا نشان بوٹ لگنے سے ہوا ہے۔

اس موقع پر اسٹمپ میں موجود مائیکرو فون پر ہیزل ووڈ کے تھرڈ امپائر کے بارے میں 'زریں خیالات' سے پوری دنیا نے آگاہی حاصل کی۔ بعد ازاں ہیزل ووڈ نے اپنی غلطی تسلیم کرلی جس پر انھیں 15 فیصد میچ فیس جرمانہ کی گئی۔ کرکٹ آسٹریلیا نے معاملے کا نوٹس تو لیا مگر صورتحال کو فرسٹریشن کا نتیجہ قرار دیا۔ فاسٹ بولر جیکسن برڈ کا کہنا ہے کہ یہ دراصل پورے سیشن کا غصہ تھا جوکہ اس واقعے پر باہر آگیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں