ورلڈ ٹی20 سینئرز کو ذمہ داری اٹھانا ہوگی محمد یوسف

آفریدی، شعیب ملک اورحفیظ ٹیم کو فتوحات دلانے میں اہم ہوسکتے ہیں، سابق کپتان


Sports Reporter February 24, 2016
آفریدی، شعیب ملک اورحفیظ ٹیم کو فتوحات دلانے میں اہم ہوسکتے ہیں، سابق کپتان فوٹو: فائل

سابق کپتان محمد یوسف نے کہا ہے کہ میگا ایونٹ میں سینئرزکا ذمہ دارانہ کھیل نوجوانوں کو بھی بہترین کارکردگی کی تحریک دلاتا ہے، ایشیا کپ اور ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں شاہد آفریدی، شعیب ملک اور محمد حفیظ ٹیم کیلیے قائدانہ کردار ادا کرتے ہوئے ٹیم کو کامیابیاں دلا سکتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق محمد یوسف نے کہا ہے کہ ایشیا کپ اور ورلڈ ٹی ٹوئنٹی دونوں ٹورنامنٹس بہت اہم ہیں، شاہد آفریدی، محمد حفیظ اور شعیب ملک اس وقت ٹیم میں سب سے تجربہ کار کھلاڑی ہیں، عمر اکمل کو بھی اس فہرست میں شامل کیا جاسکتا ہے، انہیں اپنی صلاحیتوں سے بڑھ کر کارکردگی دکھانا ہوگی، ایک انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ یہ سب ٹی ٹوئنٹی کے اسپیشلسٹ کھلاڑی ہیں اور میگا ایونٹس میں ٹیم کی کاکرکردگی کا انحصار ان کی فارم اور فٹنس پر ہوگا اس لیے انھیں ٹیم کو فرنٹ سے لیڈ کرنا ہوگا۔

محمد یوسف نے کہا کہ عمر اکمل نے پی ایس ایل میں عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا ہے اور انھیں چاہیے کہ وہ ایشیا کپ اور ورلڈ ٹی 20 میں بھی ایسی ہی کارکردگی کا مظاہرہ کریں۔ انھوں نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں پاکستان کا ریکارڈ بہت اچھا ہے۔

ایک بار عالمی کپ جیتا اور 2 بار سیمی فائنل کیلیے کوالیفائی کیا، ہماری بولنگ مضبوط ہے تاہم فتح کیلیے بیٹنگ میں پرفارمنس اہم کردار ادا کرے گی۔ یوسف نے مزید کہا کہ اس وقت ٹیم میں کوئی تجربہ کار اسپنر نہیں ہے تاہم پرامید ہوں کہ شاہد آفریدی، محمد نواز اور عماد وسیم کمی محسوس نہیں ہونے دیں گے۔ فاسٹ بولنگ میں وہاب ریاض، محمد عامر، محمد عرفان بہترین سے توقعات وابستہ کی جاسکتی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں