ایشیا کپ عاقب جاوید یواے ای کی پیشقدمی پر مسرور

افغانستان کی موجودگی کے باوجود کوالیفائنگ میں کامیابی محنت کا صلہ ہے، کوچ

افغانستان کی موجودگی کے باوجود کوالیفائنگ میں کامیابی محنت کا صلہ ہے، کوچ فوٹو: فائل

کوچ عاقب جاوید یواے ای کی ایشیا کپ میں پیش قدمی پر مسرور ہیں، سابق ٹیسٹ کرکٹر کا کہنا ہے کہ میگا ایونٹ کے مین رائونڈ تک رسائی کھلاڑیوں کی سخت محنت کا صلہ ہے، اگلے مرحلے میں ٹیم کو مضبوط حریفوں سے کھیلنے کا قیمتی تجربہ حاصل ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق ایشین کرکٹ کونسل کے زیر اہتمام بنگلہ دیش میں جاری ایشیا کپ میں یو اے ای نے عمدہ کارکردگی پیش کرتے ہوئے کوالیفائنگ کا مرحلہ عبورکرلیا ہے جہاں میزبان بنگلہ دیش، پاکستان، بھارت اور سری لنکا کے ساتھ کھیلنے کا موقع ملے گا، ٹیم کے کوچ عاقب جاوید اس کامیابی پر مسرور ہیں۔


صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سابق ٹیسٹ کرکٹر نے کہا کہ میگا ایونٹ کے مین رائونڈ تک رسائی کھلاڑیوں کی سخت محنت کا صلہ ہے، کوالیفائنگ رائونڈ کا ہر میچ فائنل سمجھ کرکھیل رہے تھے۔ افغانستان جیسی تجربہ کار ٹیم کی موجودگی میں پیش قدمی جاری رکھنا ہماری بڑی کامیابی ہے، یو اے ای میں بڑی تعداد میں ایشیائی ملکوں سے تعلق رکھنے والے افراد رہائش پذیر ہیں، ان میں فٹبال کے بعد کرکٹ کا بڑا جنون ہے، نیا ٹیلنٹ سامنے آنے سے ٹیم کی کارکردگی بہتر ہوتی جائیگی، ایشیا کپ میں بڑی ٹیموں کا سامنا ہوگا لیکن سخت مقابلے کیلیے ذہنی طور پر تیار ہیں۔ ہمارے پاس بھی حیران کن کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کی کمی نہیں، کسی میچ میں بھی آسانی سے ہتھیار نہیں پھینکیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہاکہ پاکستان سپرلیگ کی کامیابی ملکی کرکٹ اور پی سی بی کے لیے بڑی خوش آئند بات ہے، امیدکرتے ہیں کہ مستقبل میں پی ایس اے ایل کا انعقاد پاکستان میں ہوگا، اگر یہ کوشش کامیاب ہوئی تو ڈومیسٹک اور ریجنل کرکٹ کو فروغ دینے کے لیے نئے راستے بھی کھلیں گے۔
Load Next Story