فیفا صدارتی الیکشن معطل کردیے جائیں پرنس علی

ووٹنگ کے ناقص انتظامات پر سی اے ایس سے مطالبہ ، دیگر امیدواروں کو بھی تحفظات

ووٹنگ کے ناقص انتظامات پر سی اے ایس سے مطالبہ ، دیگر امیدواروں کو بھی تحفظات فوٹو: فائل

SAN FRANCISCO:
فیفا صدارتی امیدوار پرنس علی نے جمعے کو شیڈول ووٹنگ معطل کردیے جانے کا مطالبہ کردیا۔

انھوں نے انٹرنیشنل اسپورٹس ٹریبیونل سے درخواست میں اس کی وجہ ووٹنگ کے ناقص انتظامات کو قرار دیا ہے، اردنی شہزادے بھی ان پانچ امیدواروں میں سے ایک ہیں، جو فٹبال کی عالمی گورننگ باڈی کی صدارت پانے کی دوڑ میں شامل ہیں۔


اس سے قبل انھوں نے الیکشن میں ٹرانسپیرنٹ ووٹنگ بوتھ استعمال کیے جانے کا بھی مطالبہ کیا تھا، تاہم ان کی یہ درخواست فیفا الیکشن کمیشن نے رد کردی تھی، اسکینڈل سے دوچار فیفا کو اب صدارتی الیکشن کے لیے جمعے کو شیڈول ووٹنگ پر بھی شدید دبائو کا سامنا ہے، جس میں ایشین اور یورپیئن امیدوار شیخ سلمان بین ابراہیم الخلیفہ اور گیانی انفانٹینو فیورٹس خیال کیے جارہے ہیں، پیرس میں علی کے وکلا نے کہا کہ وہ فیفا ووٹنگ منسوخ کرانے کیلیے کھیلوں کی عالمی ثالثی عدالت ( سی اے ایس ) گئے ہیں کیونکہ ووٹنگ بوتھ کے معاملے میں ہنگامی سماعت کیلیے فیفا رضامند نہیں ہورہی، پرنس علی کے وکلا اسپینزر، ٹوبی ، آئیلا اور سیمرڈیجان نے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ ہم نے جمعے کو شیڈول الیکشن معطلی کیلیے سی اے ایس سے مطالبہ کردیا ہے۔

وکلا نے شفاف بوتھ کے معاملے پر سی اے ایس سے فوری سماعت کرنے کی درخواست کی ہے تاہم ان کا کہنا ہے کہ فیفا الیکٹورل چیفس اس کی راہ میں رکاوٹ ڈال رہے ہیں، پرنس علی کا خیال ہے کہ شیشے کے پولنگ بوتھ سے ووٹنگ میں شفافیت لائی جاسکتی ہے اور ہر ووٹر اپنے ضمیر کی آواز کے مطابق حق رائے دہی استعمال کرسکے گا، فیفا کے سابق آفیشل جیروم شیمپئن اور جنوبی افریقہ کے بزنس میں ٹوکیو سیکسویل بھی دوڑ میں شریک ہیں۔

اسی طرح جیروم شیمپئن نے بھی مطالبہ کیا کہ ورلڈ باڈی ایشین فٹبال کنفیڈریشن اور یوئیفا کے ایکریڈیٹیشنز کو بھی منسوخ کردے کیونکہ ان کے خیال میں یہ دونوں باڈیز شیخ سلمان اور انفانٹینو کے لیے لابیز کریں گی، ان کا کہنا ہے کہ الیکشن میں آنے والے ان دونوں باڈیز کے مبصرین بھی ووٹرز پر اثرانداز ہوسکتے ہیں، لہذا انھیں اس عمل سے دور رکھا جائے، واضح رہے کہ فیفا کی 209 ممبران ایسوسی ایشنز نئے سربراہ کیلیے 26 فروری کو طلب کردہ کانگریس اجلاس میں ووٹ کاسٹ کریں گے۔
Load Next Story