مہاجرین کی واپسی کیلئے افغانستان بہتراورپرامن ماحول فراہم کرے وزیراعظم نوازشریف

افغان مہاجرین کی 30 سال تک میزبانی پر پاکستانی حکومت اور عوام کے شکر گزار ہیں، اسپیکر افغان والیسی جرگہ


ویب ڈیسک February 24, 2016
وزیراعظم نواز شریف کی افغانستان کو بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں تعاون کی پیشکش۔ فوٹو: فائل

وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ مہاجرین کی واپسی کے لئے افغان حکومت بہتر اور پر امن ماحول فراہم کرے۔

اسلام آباد میں وزیراعظم نواز شریف سے افغان والیسی جرگہ کے اسپیکرعبدالرؤف ابراہیمی نے ملاقات کی جس میں دو طرفہ امور اور دہشت گردی سمیت خطے میں امن و امان کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان افغانستان کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، انھوں نے افغانستان کو بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں تعاون کی پیشکش کی اور افغان حکومت کے طالبان کے ساتھ مذاکرات کے فیصلے کو بڑی پیشرفت قرار دیا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ طالبان سے مذاکرات کے لئے 4 فریقی گروپ درست سمت میں پیش رفت کر رہا ہے جب کہ پاکستان افغان امن عمل کی کامیابی کے لئے مخلصانہ کردار ادا کررہا ہے، پاکستان افغانستان کے ساتھ جامع اور پائیدار شراکت داری کا خواہاں ہے، کابل حکومت کے ساتھ سکیورٹی، انسداد دہشت گردی، تجارت اور معاشی ترقی کے لئے تعاون بڑھانا چاہتے ہیں۔ عبدالرؤف ابراہیمی نے اس موقع پر افغان مہاجرین کی 30 سال تک میزبانی پر پاکستانی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا، پاکستان واحد ملک تھا جس نے 1979 میں بیرونی جارحیت کے خلاف افغانستان کی مدد کی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں