مولانا عبدالعزیز کے خلاف کارروائی ضرروت محسوس ہونے پر ہوگی بلیغ الرحمان

مولاناعبدالعزیز کی مسلسل نگرانی کی جارہی ہے، وزیر ملکت برائے داخلہ

نیشنل ایکشن پلان کے تحت پنجاب میں  مدارس کی سو فیصد جانچ پڑتال ہوگئی ہے، بلیغ الرحمان فوٹو: فائل

وزیر مملکت برائے داخلہ بلیغ الرحمان نے کہا ہے کہ مولانا عبدالعزیز کی نگرانی کی جارہی ہے اور جب بھی ضرورت پڑی تو ان کے خلاف کارروائی ہوگی.

قومی اسمبلی میں سوالات کا جواب دیتے ہوئے بلیغ الرحمان نے کہا کہ تمام صوبوں کے ادارے نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کررہے ہیں، تعلیمی نصاب سے نفرت انگیز مواد ختم کرنے کے لئے صوبوں کے ساتھ مل کر اقدامات اٹھائے جارہے ہیں، پنجاب میں مدارس کی سو فیصد جانچ پڑتال ہوگئی ہے اسی طرح سندھ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں بھی کافی حد تک یہ عمل مکمل کیا جاچکا ہے۔


وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ مدارس کے اندراج کے حوالے سے اسلام آباد اور پنجاب نے سو فیصد لائحہ عمل تیار کرلیا ہے سندھ 80 فیصد ، خیبر پختونخوا 75 فیصد اور بلوچستان میں 60 فیصد کام مکمل ہوا ہے، پنجاب میں دو، سندھ میں 167، خیبرپختونخوا میں 13 مشکوک مدارس کو بند کیا گیا ہے، پنجاب میں اس وقت 147، سندھ میں 6، خیبر پختونخوا میں 7 اور بلوچستان میں 30 مدارس غیر ملکی فنڈ سے چل رہے ہیں۔ گلگت بلتستان اور فاٹا میں مدارس کی تعداد 717 ہے جبکہ ان علاقوں میں 699 مدارس رجسٹرڈ ہیں۔

بلیغ الرحمان نے کہا کہ مولانا عبدالعزیز کی نگرانی کی جارہی ہے جب بھی ضرورت پڑی تو ان کے خلاف کارروائی ہوگی۔ ملک میں نیشنل ایکشن پلان کے تحت نفرت انگیز تقاریر اور مواد پر کینشر و اشاعت پر 2 ہزار471 مقدمات درج کئے گئے ہیں جب کہ 73 دکانیں بند کی گئیں، ملک بھر میں لاؤڈ اسپیکر کے ناجائز استعمال پر9 ہزار945 مقدمات جب کہ 2 ہزار 664 مختلف اشیاء ضبط کی، لاؤڈ اسپیکر کے ناجائز استعمال پر10 ہزار 177 جبکہ نفرت انگیز تقاریر پر 2 ہزار 345 افراد کو گرفتارکیا گیا۔
Load Next Story