لاہور میں نوکری کا جھانسہ دیکر لڑکیوں کی بیرون ملک فروخت کا انکشاف

امجد نامی ایجنٹ نے میری بیٹیوں کو 3 لاکھ روپے کے عوض دبئی میں فروخت کردیا، والدہ

متاثرہ لڑکیوں کی وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب سے مدد کی اپیل۔ فوٹو: ایکسپریس نیوز

نوکری کا جھانسہ دے کر لڑکیوں کو بیرون ملک فروخت کرنے والے گروہ کا انکشاف ہوا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں ایک خاتون کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ امجد نامی ایجنٹ نے میری بیٹیوں کو نوکری کا جھانسہ دے کر 3 لاکھ روپے کے عوض دبئی میں فروخت کردیا، عدالت امجد کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دے اور اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ عدالت نے خاتون کی درخواست پر متعلقہ تھانے کے ایس ایچ او کو نوٹس جاری کرکے جواب طلب کرلیا ہے۔


دوسری جانب متاثرہ لڑکیوں نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ ایک پاکستانی شخص ہمیں نوکری کا لالچ دے کر دبئی لایا اور پھر ہمیں بھارتی شخص کے ہاتھوں فروخت کردیا۔ ایک اور متاثرہ لڑکی کا کہنا ہے کہ ایجنٹ ہماری ماں اور دیگر گھر والوں کو ڈراتا اور دھمکاتا ہے، ہماری والدہ نے عدالت کا دروازہ بھی کھٹکٹایا لیکن کوئی ان کی فریاد نہیں سنتا۔

متاثرہ لڑکیوں نے وزیراعظم نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے ہاتھ جوڑ پر مدد کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ بہت مشکل میں ہیں، انھیں اس چنگل سے آزاد کرایا جائے۔

Load Next Story