عالمی شہرت یافتہ فٹبالر میسی نے افغان بچے کو اپنی شرٹ کا تحفہ بھیج دیا

میسی نے بچے کو اپنا سب سے بڑا مداح قرار دیتے ہوئے اس سے ملنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔


ویب ڈیسک February 25, 2016
میسی نے بچے کو اپنا سب سے بڑا مداح قرار دیتے ہوئے اس سے ملنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔ فوٹو بی بی سی

سوشل میڈیا اپنی بھر پور طاقت سے انسانی زندگیوں میں انقلاب برپا کر رہا ہے اور دنیا کے دور دراز رہنے والوں کو بھی اس نے جدید دنیا سے ہم آہنگ کردیا ہے جس کی بدولت خواب حقیقت کا روپ دھانے لگے ہیں ایسا ہی کچھ ہوا افغانستان کے برف پوش پہاڑوں میں بسنے والے بچے کے ساتھ جس نے صرف میسی کے فین ہونے کی وجہ سے پلاسٹک کی تھیلی سے بنی شرٹ پہنی تھی لیکن سوشل میڈیا نے اس کی خواہش عالمی شہرت یافتہ فٹبالر لیونل میسی تک پہنچاد ی جس پر میسی نے اپنی مشہور نمبر 10 شرٹ بچے کو پہنچاکر اسے حیران کردیا۔

گزشتہ دنوں پلاسٹک کی تھیلی سے بنی میسی کی 10 نمبر شرٹ پہننے والا افغانستان کے صوبے غزنی کا رہائشی مرتضیٰ احمدی سوشل میڈیا پر لوگوں کی توجہ کا مرکز بن گیا تھا جب کہ یہ گونج لیونل میسی تک بھی پہنچ گئی جس پر میسی اس بچے کو اپنا سب سے بڑا مداح قرار دیتے ہوئے ملنے کی بھی خواہش کا اظہار کردیا تھا تاہم یہ ملاقات تو نہ ہوسکی لیکن انہوں نے اپنی یہ شرٹ خود اسے بھیج کر بچے کی محبت کا جواب دے دیا ہے۔ ارجنٹائن کے معروف فٹبالر میسی کی مینیجمنٹ ٹیم نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے کہ میسی نے سائن کی ہوئی شرٹ مرتضیٰ احمدی کو بھیجی ہے۔



لیونل میسی کے اس ننھے منے فین مرتضیٰ احمدی کا شرٹ ملنے پر اپنی معصوم زبان میں میسی سے اپنی محبت کا اظہار کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وہ میسی کو پیار کرتا ہے اور یہ شرٹ کہتی ہے کہ میسی ان سے پیار کرتے ہیں جب کہ مرتضیٰ کے والد کا اس بارے میں کہنا ہے کہ میسی کی اصل شرٹ حاصل کرنے کے بعد ان کا بیٹا بہت زیادہ خوش ہے۔



مرتضیٰ احمدی کو آن لائن کے ذریعے ڈھونڈنے کی کوشش اس وقت وائرل ہو گئی جب انہوں نے پلاسٹک کی بنی نیلے رنگ کی میسی کی شرٹ نمبر 10 پہنی تھی اور ابتدائی طور پر کہا گیا تھا کہ وہ ایک عراقی کرد ہیں اور جب انٹرنیٹ پر ان کی تصویر وائرل ہوئی تو لیونل میسی نے انھیں ڈھونڈنے اور اپنے نوجوان مداح کو اپنی اصلی شرٹ دینے کی خواہش کا اظہار کیا جس پر آسٹریلیا میں مرتضیٰ کے چچا نے اسے پہچان لیا۔

واضح رہے کہ لیونل میسی اقوامِ متحدہ کے ادارے برائے اطفال کے ایمرجنسی فنڈ کے خیر سگالی وزیر ہیں اور اس ادارے نے فیس بک کے صفحے پر مرتضیٰ احمدی کی شرٹ پوسٹ کی تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں