گورنر نے کراچی میں دہشت گردوں کیخلاف بلا تفریق کارروائی کا حکم دیدیا

دہشت گرد رعایت کے مستحق نہیں، عشرت العباد اور قائم علی شاہ کا مفاہمتی عمل جاری رکھنے پر اتفاق


ایکسپریس July 19, 2012
کراچی :گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد سے مشیر داخلہ رحمن ملک ملاقات کررہے ہیں۔ فوٹو/ایکسپریس

وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے گورنر ہائوس میں گورنر ڈاکٹر عشرت العباد سے ملاقات کی۔ دونوں رہنمائوں نے صوبے میں جاری سیاسی صورت حال، ترقیاتی کاموں اور امن و امان پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا۔ دونوں رہنمائوں نے شہر میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات کا نوٹس لیتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی کہ دہشت گردی میں ملوث عناصر کے خلاف بلا تفریق و دبائو کارروائی کی جائے اور ملوث عناصر کو قانون کی گرفت میں لایا جائے ایسے عناصر کسی بھی قسم کی رعایت کے مستحق نہیں۔

دونوں رہنمائوں نے اپنے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ صوبے میں مفاہمتی عمل جاری رہے گا اور سیاسی ہم آہنگی کو مزید وسعت دی جائے گی۔ دونوں رہنمائوں نے بلدیاتی نظام کے حوالے سے پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کے درمیان ہم آہنگی پر اپنے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ بہت جلد اس حوالے سے مسودہ تیار کرلیا جائے گا۔ ملاقات میں واضح کیا گیا کہ کراچی ملک کا اقتصادی حب اور پورے ملک کی ترقی کا ضامن ہے اور یہاں امن اشد ضروری ہے ۔

دریں اثناء وفاقی مشیر داخلہ عبد الرحمٰن ملک نے گورنر سندھ سے ملاقات کی دونوں رہنمائوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشت گردی میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید سخت کی جائیں گی۔ انھوں نے متعلقہ حکام پر زور دیا کہ لینڈ مافیا، بھتہ خوری، موبائل چھیننے، ٹارگٹ کلنگ، ڈکیتیوں اور اغواء کی وارداتوں میں ملوث عناصر کے خلاف فوری اور مؤثر کارروائی کی جائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں