اوباما کی جیت کراچی اسٹاک مارکیٹ نے ایک اور ریکارڈ بنادیا

انڈیکس167پوائنٹس اضافے سے پہلی بار 16218، مارکیٹ سرمایہ بھی 40.4 کھرب کی بلند ترین سطح پر آگیا۔

انڈیکس167پوائنٹس اضافے سے پہلی بار 16218، مارکیٹ سرمایہ بھی 40.4 کھرب کی بلند ترین سطح پر آگیا۔ فوٹو : آن لائن

امریکا کے صدارتی انتخابات میں اوباما کی دوبارہ کامیابی، گزشتہ روزکے بیانات کی مثبت وضاحتوں کی اطلاعات پرسیاسی افق پر غیریقینی صورتحال ختم ہونے سے کراچی اسٹاک ایکس چینج میں بدھ کوایک بار پھر تیزی کا رحجان غالب رہا۔

جس سے انڈیکس ایک بار پھر 16218 پوائنٹس اورمارکیٹ کیپٹلائیزیشن 40.4 کھرب روپے مالیت کے ساتھ تاریخ کی نئی بلند ترین سطح تک پہنچ گیا۔ ماہرین اسٹاک وتاجران کا کہنا تھا کہ اوباما کی صدارتی انتخابات میں کامیابی سے توقع ہے کہ امریکا کی پاکستان کے حوالے سے خارجہ پالیسی کا تسلسل برقرار رہے گا جبکہ نومنتخب امریکی صدر کی جانب سے دہشت گردی کے خلاف جنگ ختم کرنے کے اعلان کا بھی سرمایہ کاروں نے مثبت تاثر لیا ہے۔ ماہرین کے مطابق ایک روز قبل آرمی چیف اور عدلیہ کی جانب سے سخت بیانات کے بعد حصص کی تجارت پر منفی اثرات مرتب ہوئے۔


تاہم بدھ کو دونوں اداروں کی جانب سے بیانات کی وضاحتوں کی اطلاعات مارکیٹ میں زیرگردش رہیں جس سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوسکا اور انہوں نے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی غرض سے دوبارہ پوزیشنز لیں،کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس166.87 پوائنٹس کے اضافے سے16218.01 ہوگیا جبکہ کے ایس ای30 انڈیکس126.53 پوائنٹس کے اضافے سے13326.10 اور کے ایم آئی30 انڈیکس243.56 پوائنٹس کے اضافے سے28350.76 ہوگیا۔

کاروباری حجم منگل کی نسبت 23 فیصد زائد رہا اور مجموعی طور پر 15 کروڑ 85 لاکھ 52 ہزار 761 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار334 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں 188 کے بھائو میں اضافہ، 112 کے داموں میں کمی اور34 کی قیمتوں میں استحکام رہا، جن کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ان میں یونی لیور پاکستان کے بھائو174.49 روپے بڑھ کر9774.99 روپے اور نیسلے پاکستان کے بھائو139.99 روپے بڑھ کر4699.99 روپے ہوگئے جبکہ رفحان میظ کے بھائو 188 روپے کم ہوکر 3572 روپے اور باٹا پاکستان کے بھائو26 روپے کم ہوکر 1380 روپے ہوگئے۔

Recommended Stories

Load Next Story