سعادت چیمہ کو چیئرمین ای پی زیڈ اے بنانے پر سینئر افسر بددل

افسران میں بے چینی کے باعث صنعتی زون میں ترقی کا عمل متاثر ہونے کا خدشہ ہے، ذرائع

افسران میں بے چینی کے باعث صنعتی زون میں ترقی کا عمل متاثر ہونے کا خدشہ ہے، ذرائع فوٹو : فائل

ایکسپورٹ پراسیسنگ زون اتھارٹی کے چیئرمین کی تقرری میں ادارے کے سینئر افسران کو نظر انداز کرکے سعادت ایس چیمہ کو چیئرمین مقرر کیے جانے کے بعد حق تلفی کا شکار افسران میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے اور صنعتی زون کی ترقی کا عمل متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

ذرائع کے مطابق ایکسپورٹ پراسیسنگ زون اتھارٹی میں کنٹریکٹ بنیادوں پر ملازمت اختیار کرنے والے سعادت علی چیمہ ایک سال میں نہ صرف مستقل کر کے جنرل منیجر نارتھ زون مقرر کیے گئے بلکہ 19اکتوبر 2012کو انہیں ایکسپورٹ پراسیسنگ زون اتھارٹی کا چیئرمین بھی مقرر کردیا گیا، ان کی تقرری ادارے میں پہلے سے موجود گریڈ 19اور گریڈ 20کے افسران کو نظر انداز کرتے ہوئے عمل میں لائی گئی۔ سعادت علی چیمہ کی ایک سال میں کنٹریکٹ ملازمت سے مستقل ملازمت اور پھر 2 سال کیلیے کنٹریکٹ بنیاد پر چیئرمین مقرر کیے جانے پر ادارے کے سینئر افسران میں بددلی پھیل گئی ہے۔


اتھارٹی کے اندرونی ذرائع کے مطابق ایکسپورٹ پراسیسنگ زون اتھارٹی میں چیئرمین کے عہدے پر ادارے کے افسران کو تعینات نہیں کیا جاسکتا اور اگر ایسا ضروری بھی ہوتو ادارے میں پہلے سے فرائض انجام دینے والے سینئر افسران اس عہدے کے حق دار ہیں لیکن وزارت صنعت نے مختصر عرصے میں کنٹریکٹ سے مستقل ہونے والے گریڈ 19کے افسر کو چیئرمین مقرر کردیا، ساتھ ہی ایکسپورٹ پراسیسنگ زون آرڈیننس کے برخلاف وائس چیئرمین کا عہدہ پیدا کرتے ہوئے سیاسی اثرورسوخ کی حامل شخصیت کو اس عہدے پر فائض کردیا گیا، اس سے قبل ادارے میں وائس چیئرمین کی ضرورت محسوس نہیں کی گئی۔ ایکسپورٹ پراسیسنگ زون اتھارٹی میں یہ بات مشہور ہے کہ سعادت علی چیمہ نائب وزیر اعظم اور وزیر صنعت چوہدری پرویز الٰہی کے قریبی عزیز ہیں، اسی لیے ان کی تعیناتی پر سینئر افسران کی جانب سے کھل کر ردعمل ظاہر نہیں کیا جارہا۔

تاہم بعض ملازمین چیئرمین، وائس چیئرمین کے عہدوںپر تقرری، دو اضافی عہدے سنبھالنے والے سیکریٹری ای پی زیڈ اے سمیت ادارے کی ضرورت سے زائد ملازمین کی بھرتیوں کے معاملات اعلیٰ عدلیہ تک پہنچانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ واضح رہے کہ سعادت علی چیمہ کی کنٹریکٹ پر تقرری نائب وزیر اعظم اور وزیر صنعت چوہدری پرویز الٰہی کے خصوصی احکامات پر وزارت صنعت کے کوآرڈینیٹر کی جانب سے 14ستمبر 2011کو لکھے گئے خط کے تحت عمل میں لائی گئی، سعادت علی چیمہ کی تقرری کیلیے وزارت صنعت نے 22 ستمبر 2011کو ایکسپورٹ پراسیسنگ اتھارٹی کو خط نمبر F.No.2(14)/2011-FACکے ذریعے وزیر صنعت کے احکام پر عمل کرنے کی ہدایت کی گئی، سعادت چیمہ کو مستقل کرنے اور گریڈ 19میں جنرل منیجر کے عہدے پر تقرری بورڈ کے 101ویں اجلاس میں کیا گیا جس کی صدارت خود نائب وزیر اعظم اور وزیر صنعت چوہدری پرویز الٰہی نے کی۔موقف جاننے کیلیے سعادت علی چیمہ سے رابطے کی متعدد بار کوشش کی گئی مگرانہوں نے موبائل فون اٹینڈ نہیں کیا۔
Load Next Story