دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بڑی تعداد میں اسلحہ پکڑا گیا

اسلحہ آرڈر پرکراچی لایا جاتا ہے جس کی رقم ایڈوانس پشاور میں ادا کی جاتی ہے، ملزم کا بیان


Staff Reporter November 08, 2012
ایسٹ پولیس کی کارروائی میں گرفتار کیے جانے والے ملزمان اور بس سے برآمد کیا جانے والا اسلحہ صحافیوں کو دکھایا جا رہا ہے۔ فوٹو: ایکسپریس

انویسٹی گیشن ایسٹ پولیس نے پشاور سے آنے والی بس پر سہراب گوٹھ کے قریب چھاپہ مار کر بڑی تعداد میں اسلحہ، گرنیڈ اور مختلف اقسام کی گولیاں برآمد کر کے اسلحہ کے اسمگلر سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا ۔

اسلحہ محرم الحرام اور آئندہ الیکشن کے دوران دہشت گردی کے لیے کراچی لایا گیا تھا ، ملزم نے پولیس کو ابتدائی بیان میں بتایا کہاس سے قبل بھی ایک مرتبہ اسلحہ کراچی لاچکا ہے،اسلحہ آرڈر پرکراچی لایا جاتا ہے جس کی رقم ایڈوانس پشاور میں ادا کی جاتی ہے ،اسلحہ کالعدم تنظیموں سمیت دیگر جماعتوں میں تقسیم کیا جانا تھا یہ بات ڈی ائی جی ایسٹ شاہد حیات نے اپنے دفتر میں پریس کانفرنس کے دوران صحافیوں کو بتائی ،انھوں نے کہا کہ شہر میں قتل و غارت گری کی تازہ لہر کے بعد ایس ایس پی انویسٹی گیشن ایسٹ نوید خواجہ کی سربراہی میں ٹیم تشکیل دی گئی تھی۔

جس نے دن رات محنت کے بعد خفیہ اطلاع پر منگل اور بدھ کی درمیانی شب سہراب گوٹھ پر پشاور سے آنے والی بس پر چھاپہ مار کرجدید طرز کی 19 سب مشین گنز معہ 40 میگزین ، 21 رائفل 303، 2پستول نائن ایم ایم معہ 4 میگزین ،2 پستول 30 بور معہ 4 میگزین ، ہینڈگرنیڈ ،ہینڈ گرنیڈہدف پر پھینکنے کی جدیدگن اورسیکڑوںکی تعداد میں مختلف اقسام کے اسلحے کی گولیاں برآمد کرکے بس کے ڈرائیور فیاض خان ، کلینر دوست محمد اور اسلحے کے اسمگلر شکیل خان کو گرفتارکرلیا ، پستولیں گرفتار ملزم شکیل خان کے ہاتھ میں موجود بیگ سے برآمد کی گئی ہیں، ڈی آئی جی شاہد حیات نے بتایا کہ اسلحہ پردوں اور چادروں میں لپیٹ کر بنڈل بنا کر بس کی سیٹوں کے نیچے رکھا گیا تھا۔

انھوں نے بتایا کہ مذکورہ اسلحہ محرم الحرام اور آئندہ آنے والے الیکشن میں دہشت گردی کی وارداتوں میں استعمال کیا جانا تھا ،گرفتار ملزم شکیل خان نے ابتدائی بیان میں تفتیشی پولیس کو بتایا کہ وہ اس سے قبل بھی ایک مرتبہ اسلحہ کراچی لاچکا ہے،اسلحہ آرڈر پرکراچی لایا جاتا ہے جس کی رقم ایڈوانس پشاور میں ادا کی جاتی ہے ،اسلحہ کالعدم تنظیموں سمیت دیگر جماعتوں میں تقسیم کیا جانا تھا، انھوں نے کہا کہ دہشت گرد ایک اسلحہ 4 سے 5 وارداتوں میں استعمال کرتے ہیں اس کے بعد اس اسلحے کو ٹارگٹ کلروں کو فروخت کر دیتے ہیں ،گرفتار ملزم شکیل خان سے اسلحہ منگوانے والوں کے بارے میں معلومات حاصل کر لی ہیں بہت جلد ان کی گرفتاری عمل میں لائی جائے گی،آئی جی سندھ فیاض لغاری نے اسلحہ اور ملزمان پکڑنے والی پولیس پارٹی کے لیے 5 لاکھ روپے جبکہ ڈی آئی جی ایسٹ نے سرٹیفکیٹ سی سی 2 دینے کا اعلان کیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں