پریمیئر فٹبال کے ای ایس سی نے افغان کلب کو ہرا دیا

پی اے ایف و پی ایم سی اور پی آئی اے و نیوی کے میچز ایک، ایک گول سے برابری پر ختم

پی اے ایف و پی ایم سی اور پی آئی اے و نیوی کے میچز ایک، ایک گول سے برابری پر ختم۔ فوٹو: اے ایف پی/ فائل

پاکستان پریمیئر فٹبال لیگ میں کے ای ایس سی نے افغان کلب کو 2-0 سے ہرا دیا۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق گورنمنٹ ہائی اسکول گرائونڈ چمن میں اسٹرائیکرز محمد ریاض اور محمد رسول نے بالترتیب29اور 84 ویں منٹ میں گول کیے، ناکام ٹیم کے ڈیفینڈر ولی محمد کو24 ویں جبکہ فاتح سائیڈکے اکبر علی اور محمد ریاض کو بالترتیب 37اور 45 ویں منٹ میں یلو کارڈز دکھائے گے، بہترین اسکورر کا انعام محمد رسول کو ملا،کے ای ایس سی کے مڈ فیلڈر جلیل احمد بیسٹ کھلاڑی قرار پائے۔ کورنگی بلوچ گرائونڈ کراچی میں پی آئی اے اور نیوی کا میچ ایک، ایک گول سے برابر رہا،ایئرلائنزکے اسٹرائیکر شاکر لاشاری نے29 ویں اور حریف سائیڈکے محمد عدنان نے52 ویں منٹ میں گیند کو جال کی راہ دکھائی۔


فاتح ٹیم کے مڈ فیلڈر علی احسان کو55 ویں منٹ میں یلو کارڈ کا سامنا کرنا پڑا،بہترین اسکورر کا انعام محمد عدنان اور بیسٹ کھلاڑی کا ایوارڈ پی آئی اے کے مڈ فیلڈر نصراللہ کو دیا گیا۔پاکستان ایئر فورس اور پی ایم سی ایتھلیٹیکو فیصل آباد کے درمیان پی اے ایف کمپلکس گرائونڈ پشاور میں ہونے والا میچ بھی برابری پر ختم ہوا،دونوں ٹیموں نے مقررہ وقت میں1-1 گول کیا، پی اے ایف کے اسٹرائیکر محمد مجاہد نے پانچویں اور پی ایم سی کے مڈ فیلڈر فضل حسین نے32 ویں منٹ میں گول کیے، ڈیفینڈر محمد آصف کو45+1 جبکہ پی ایم سی کے محمد عالم کو54 ویں منٹ میں یلو کارڈز دکھائے گئے۔

بہترین اسکورر کا انعام فضل حسین اور بیسٹ کھلاڑی کا ایوارڈ محمد مجاہد کو دیا گیا۔ جمعرات کو ایونٹ کے مزید تین میچز ہوں گے، زیڈ ٹی بی ایل اور واپڈا کی ٹیمیں جناح فٹبال اسٹیڈیم اسلام آباد میں آمنے سامنے ہوں گی، مسلم ایف سی اور کے پی ٹی کا میچ گورنمنٹ ہائی اسکول چمن میں شیڈول ہے،آرمی اور ووہیب ایف سی لاہور کا میچ جناح اسٹیڈیم اسلام آباد میں ہوگا۔
Load Next Story