مقبوضہ کشمیرمیں شہریوں کے قتل اوریونیورسٹی کے طلبہ کی گرفتاریوں پرمکمل ہڑتال

ہڑتال کی کال حریت رہنمائوں کی جانب سے دی گئی تھی،گرفتارطلباکی رہائی کامطالبہ


Online/این این آئی February 28, 2016
کشتواڑمیں شہری کی ہلاکت پراحتجاج، مظاہرین نے آزادی کے حق اوربھارت کے خلاف نعرے لگائے گئے ، چیئرمین انٹرنیشنل فورم فارجسٹس گرفتار، شبیر شاہ سمیت حریت رہنمائوں کاکامیاب ہڑتال پر اظہارتشکر فوٹو: فائل

مقبوضہ کشمیر میں قتل اورجواہر لعل نہرویونیورسٹی کے طلباکی گرفتاری کیخلاف مکمل ہڑتال اورمظاہرے کیے گئے،سری نگرسمیت مقبوضہ وادی میں تمام کاروباری مراکزبند رہے، بازار ویران اور سڑکیں سنسان نظرآئیں، پولیس اورمظاہرین کے درمیان میں جھڑپوں میں متعددافراد زخمی ہوگئے۔

اطلاعات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں جواہر لعل نہرویونیورسٹی کے طلباکی گرفتاری کیخلاف مکمل ہڑتال کی کال حریت رہنمائوں کی جانب سے دی گئی تھی۔ بھارتی پولیس کی جانب سے شہریوں کوگرفتارکیے جانے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔ واضح رہے کہ چند روز قبل نئی دہلی کی جواہرلعل نہرویونیورسٹی میںافضل گورو کی برسی کے سلسلے میں منعقدہ تقریب کے دوران عمرخالد،کنہیاکمار اور انیربن بھٹا چاریہ کو بغاوت کے الزام میں حراست میں لیا گیا تھا ۔دریں اثنا بھارتی پولیس کے ہاتھوں ضلع سانبہ کے علاقے سروڑا میں ایک شہری کے حالیہ قتل کے خلاف ہفتے کو ضلع کشتواڑ میں مکمل ہڑتال کی گئی سانبہ اورکشتواڑ اضلاع میںاحتجاجی مظاہرے بھی کیے گئے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ضلع میں ہڑتال کی کال علاقے کی جامع مسجد کے امام فاروق احمد کچلو نے دی تھی۔مظاہروں کے دوران لوگوں نے آزادی کے حق میں اور بھارت کیخلاف زبردست نعرے لگائے۔

مظاہرین نے محمد یعقوب کے قتل کی عدالتی تحقیقات کا مطالبہ کیا عبدالقیوم نے کہا کہ مسلمانوں کے خلاف مظالم کا سلسلہ بند نہ کیا گیا تو اس کے سنگین نتائج نکلیں گے۔ مظاہرین نے نئی دہلی میں طلبا کے کریک ڈائون کیخلاف بھی نعرے لگائے ،کشمیری دانشور پروفیسر سید عبدالرحمان گیلانی، کنہیا کمار اوردیگر گرفتار طلبا کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ۔ علاوہ ازیںبھارتی پولیس نے انٹرنیشنل فورم فار جسٹس کے چیئرمین احسن اونتو کومظاہرے کے دوران گرفتار کر لیا،کشمیر میڈیا سروس کے مطابق احسن اونتو کو کوٹھی باغ تھانے میں نظربند کیا گیا ہے گرفتاری سے قبل میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اجسن اونتو نے طلبا کی گرفتاری کی شدید مذمت کی انھوںنے کہاکہ بھارت کی نام نہاد جمہوریت بدترین آمریت سے بھی گئی گزری ہے،کشمیری طلبا کوجس طرح سے عتاب کا نشانہ بنایا جا رہا ہے وہ جمہوری اصولوں کے سراسر منافی ہے۔

دریں اثنا انٹرنیشنل فورم فارجسٹس کے وائس چیئرمین مشتاق لاسلام نے مظفرآبا دمیں قائم اقوام متحدہ کے مبصرین دفترکے سامنے احتجاج کی قیادت کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ اور دوسرے عالمی اداروں کی ذمے داری بنتی ہے کہ وہ بھارت میں انتہا پسندوں کی طرف سے مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں کیخلاف کارروائیوں کا نوٹس لیں۔ دریں اثنا مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے جنرل سیکریٹری اور جموں وکشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے سربراہ شبیر احمد شاہ نے کہا ہے کہ جمعے کو زبردست احتجاجی مظاہرے اور ہفتے کو مکمل ہڑتال کرنے پر کشمیری عوام کا شکریہ ادا کیا ہے علاوہ ازیں حریت رہنمائوں ظفراکبر بٹ اور فردوس احمد شاہ نے بھی مظاہرے اور ہڑتال کرنے پر کشمیریوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |