نیب اور اس کے سربراہ کو آزاد کئے جانے تک غیر جانبدار احتساب نہیں ہوسکتا عمران خان

مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی نے میثاق مک مکا کے ذریعے چیئرمین نیب کا تقرر کیا، چیئرمین تحریک انصاف

لاہور اور پشاور کے بعد کراچی میں شوکت خانم اسپتال کی تعمیر ایک سنگ میل ہوگی. فوٹو: فائلل

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ جب تک نیب اور اس کے سربراہ کو آزاد اور خود مختار نہیں کیا جاتا اس وقت تک ملک میں غیر جانبدار احتساب نہیں ہوسکتا۔

اسلام آباد میں تحریک انصاف کی رکنیت سازی مہم کے آغاز کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے علاوہ کسی بھی صوبے نے بلا تفریق احتساب کے لئے اقدامات نہیں کئے، احتساب سے متعلق قانون میں ترامیم پر نظر ثانی کے لئے کمیٹی تشکیل دی جاچکی ہے، ان کی سربراہی میں یہ کمیٹی قانون میں ترامیم کا جائزہ لے گی اور آزاد احتساب کی راہ میں رکاوٹ بننے والی ترامیم کو ختم کردیا جائے گا۔ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) نے ایک معاہدے کے تحت آئین میں 18ویں ترمیم کی جس کے تحت دونوں جماعتوں نے مک مکا کرکے چیئرمین نیب مقرر کیا، وہ اس کی مخالفت کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ نیب کے سربراہ کو آزاد اور خود مختار ہونا چاہیئے جب تک نیب کو آزاد نہیں کیا جائے گا، اس وقت تک اسے کام نہیں کرنے دیا جائے گا۔


عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف ملک کی واحد جماعت ہے جس میں اندرونی طور پر جمہوریت ہے جب کہ دیگر جماعتوں میں بادشاہت اور خاندانوں کا راج ہے، سیاسی جماعتوں میں میرٹ پر لوگوں کو اوپر لانے کا راستہ صرف اور صرف انٹرا پارٹی الیکشن ہیں، ہماری طرح دیگر جماعتیں بھی انٹرا پارٹی انتخابات کرائیں۔

کراچی میں اسپتال کی تعمیر کے حوالے سے عمران خان نے کہا کہ کراچی میں شوکت خانم اسپتال کی تعمیر کے لئے جنرل راحیل شریف کی معاونت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور ان کے شکرگزار ہیں، کراچی میں شوکت خانم کی تعمیرکا منصوبہ چند ماہ میں باضابطہ شروع کر دیا جائے گا، لاہور اور پشاور کے بعد کراچی میں شوکت خانم اسپتال کی تعمیر ایک سنگ میل ہوگی.
Load Next Story