کراچی میں گرمی کی لہربرقرار درجہ حرارت 36 ڈگری ریکارڈ

2 مارچ تک کراچی کا موسم بدستور گرم اور خشک رہے گا، محکمہ موسمیات کی پیش گوئی

آئندہ ایک ہفتے تک شہر قائد میں بارشوں کے ساتھ موسم خوشگوار ہونے کا امکان ہے ، محکمہ موسمیات فوٹو:فائل

ملک کے بیشتر علاقوں میں اب بھی ٹھنڈی ہواؤں کا بسیرا ہے لیکن کراچی کے عوام فروری کے مہینے میں کڑکتی دھوپ اور چلچلاتی گرمی سہہ رہے ہیں اور شہر میں مسلسل دوسرے روز بھی درجہ حررات 36 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ہے۔

کراچی میں گزشتہ چند روز سے رات کے وقت تو موسم خوشگوار رہتا ہے لیکن دن کے وقت شدید گرمی سے زندگی اجیرن ہوجاتی ہے، گزشتہ روز شہر میں فروری کے مہینے میں گرمی کا 20 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا تھا لیکن آج بھی گرمی کی شدت برقرار ہے اور درجہ حرارت 36 ڈگری سیلئیس تک جا پہنچا ہے۔ چھٹی کا روز ہونے کی وجہ سے کراچی کے لوگوں نے اپنا زیادہ وقت گھروں میں ہی گزارا ہے اور شام ہوتے ہی بڑی تعداد میں عوام نے ساحل سمندر کا رخ کرلیا ہے۔


طبی ماہرین کا عوام کو مشورہ دیا ہے کہ وہ بلا ضرورت گھر سے باہر نہ نکلیں اور اگر نکلیں تو گرم موسم سے بچاؤ کے لئے سر کو ڈھانپ کر رکھیں اور زیادہ سے زیادہ پانی پئیں۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں درجہ حرارت بڑھنے کے باوجود ہیٹ اسٹروک کا کوئی امکان نہیں، سمندر سے چلنے والی ہوا رکنے کی وجہ سے شہر میں گرمی کا زور ہے جو کہ 2 مارچ تک برقرار رہے گا ، 2 اور 3 مارچ کو بلوچستان سے داخل ہونے والے ہوا کے کم دباؤ کے باعث شہر اور گرد و نواح میں ہلکی بارش کا امکان ہے جس سے موسم بہتر ہوجائے گا۔

 
Load Next Story