ایشیا ٹی ٹوئنٹی پاکستان نے متحدہ عرب امارات کو شکست دیدی

شعیب ملک 63 اور عمر اکمل 50 رنز پر ناقابل شکست رہے۔


ویب ڈیسک February 29, 2016
محمد عامر نے 4 اوورز میں 6 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں۔۔ فوٹو: اے ایف پی

ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی کے چھٹے میچ میں پاکستان نے متحدہ عرب امارات کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔


میرپور کے شیربنگلہ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے ایشیا ٹی ٹوئنٹی کپ کے چھٹے میچ میں یو اے ای نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 129 رنز بنائے جس کے جواب میں پاکستان نے انیسویں اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کرلیا۔ محمد حفیظ اور شرجیل خان نے اننگز کا آغاز کیا لیکن یو اے ای کے کپتان امجد جاوید نے 3 اوور کے اندر شرجیل خان 4، خرم منظور 0 اور محمد حفیظ کو 11 رنز پر پویلین بھیج کر میچ میں سنسنی پیدا کردی تاہم عمر اکمل اور شعیب ملک نے چوتھی وکٹ کے لیے 114 رنز کی شراکت داری قائم کرکے پاکستان کو جیت سے ہمکنار کرایا۔ شعیب ملک 3 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 63 جب کہ عمر اکمل 3 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 50 رنز پر ناقابل شکست رہے۔

اس سے قبل یو اے ای کے کپتان امجد جاوید نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، روہان مصطفیٰ اور محمد کلیم نے اننگز کا آغاز کیا لیکن دونوں ہی کھلاڑی ایک ایک رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جس کے بعد محمد شہزاد بیٹنگ کے لیے آئے اور 5 رنز بنا کر محمد عرفان کا نشانہ بنے۔ شیمان انور اور عثمان مشتاق نے چوتھی وکٹ کے لیے 29 رنز کی شراکت داری قائم کی، مشتاق 9 رنز بنا کر پویلین لوٹے جب کہ شامین انور نے پانچویں وکٹ کے لیے محمد عثمان کے ساتھ ملکر 31 رنز بنائے، شامین 46 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ محمد عثمان نے چھٹی وکٹ کے لیے کپتان محمد امجد کے ہمراہ ملکر 46 رنز کی شاندار شراکت داری قائم کرکے ٹیم کا اسکور مستحکم کیا، محمد عثمان 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ کپتان 27 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان کی جانب سے محمد عامر نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 اوورز میں 6 رنز دے کر 2 وکٹیں، محمد عرفان نے بھی 2 جب کہ محمد سمیع اور شاہد آفریدی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

واضح رہے کہ پاکستان اور یو اے ای پہلی مرتبہ ٹوئنٹی 20 میں ایک دوسرے کے مدمقابل آرہے ہیں، اس سے قبل دونوں ٹیموں میں تین ون ڈے میچز بالترتیب 1994، 1996 اور 2015 میں کھیلے جاچکے ہیں۔ شاہد آفریدی نے اب تک 85 ٹی 20 اننگز میں66 چھکے جڑے ہیں، تین مزید سکسرز سے وہ ڈیوڈ وارنر (67) اور مارٹن گپٹل (68) کو پیچھے چھوڑتے ہوئے آل ٹائم لسٹ میں چوتھے نمبر پر پہنچ جائیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں