ٹی وی لائسنس فیس کے ای ایس سی نے پی ٹی وی کو30کروڑ کی ادائیگی نہیں کی

کے ای ایس سی کی انتظامیہ نے چند سال میں ٹی وی لائسنس فیس کی مد میں پاکستان ٹیلی وژن کو انتہائی معمولی ادائیگی کی ہے

پی ٹی وی کاوزارت خزانہ سے رابطے کا فیصلہ،ذرائع، رقم کی وصولی کے سبب مصالحتی عمل میں وقت درکار ہوتا ہے،کے ای ایس سی .فوٹو : فائل

KARACHI:
کراچی الیکٹرک سپلائی کمپنی صارفین سے ٹی وی لائسنس فیس کی مد میں وصول کیے جانے والے 30 کروڑ روپے کی پاکستان ٹیلی وژن کو ادائیگی میں مسلسل تاخیری حربے استعمال کررہی ہے۔

پی ٹی وی انتظامیہ نے اس سلسلے میں وزارت خزانہ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، تفصیلات کے مطابق ابراج کیپٹل کی جانب سے کے ای ایس سی کا انتظام سنبھالنے کے بعد کے ای ایس سی نے اپنے واجبات کی وصولیابی پر اپنی تمام تر توانائیاں صرف کردیں، اس سلسلے میں ایسے رہائشی و تجارتی صارفین جہاں بجلی کے بل کی ادائیگی کی شرح کم اور چوری کی شرح زیادہ تھی وہاں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ تقریبا دگنا کردیا گیا متعدد علاقوں میں بجلی کی بحالی اور نظام میں آنے والی خرابی کو بل ادا کرنے سے مشروط کردیا گیا۔


جس کے نتیجے میں شہر کے متعدد علاقوںمیں مسلسل کئی کئی ہفتوں تک بجلی کی فراہمی بحال نہیں کی گئی، عوامی حلقوں کی جانب سے کے ای ایس سی کی مذکورہ پالیسیوں پر ہمیشہ تنقید کی گئی اور بعض مواقع پر ان پالیسیوں کی وجہ سے شہر میں امن و امان کی صورتحال بھی شدید متاثر ہوئی تاہم کے ای ایس سی کی موجودہ انتظامیہ نے اس سلسلے میں کسی قسم کی لچک کا مظاہرہ کرنے سے انکار کرتے ہوئے اپنی پالیسیوں میں تبدیلی یا نرمی نہ کرنے کے عزم کا اعادہ کیا، اپنے واجبات کی ادائیگی کیلیے پر تمام تر توانائیاں صرف کرنیوالا ادارہ کئی سالوں سے ٹی وی لائسنس فیس کی مد میں وصول کیے جانیوالے30 کروڑ روپے کی ادائیگی پی ٹی وی کو کرنے کے بجائے مسلسل حیل و حجت سے کام لے رہا ہے۔

ذرائع نے بتایا گذشتہ چند سالوں کے دوران کے ای ایس سی انتظامیہ نے ٹی وی لائسنس فیس کی مد میں پی ٹی وی انتہائی معمولی ادائیگی کی ہے، اس سلسلے میں متعدد مرتبہ وفاقی حکومت کے مختلف محکموں کی مداخلت کے بعد طے ہونے والے فارمولے پر بھی کے ای ایس سی انتظامیہ عمل نہیں کررہی، وفاقی حکومت کے شدید دبائو پر چھوٹی سے رقم بطور قسط ادا کردی جاتی ہے اور اس کے بعد معاملہ پھر کھٹائی میں پڑجاتا ہے، ذرائع نے بتایا کہ ٹی وی لائسنس فیس بجلی کے صارفین سے وصول کرنے کا بنیادی مقصد پاکستان ٹیلی وژن کی مالی حالت کو بہتر کرنا تھا تاہم کے ای ایس سی انتظامیہ صارفین سے وصول ہوجانے والی رقم ادا کرنے میں بھی ہر ممکن تاخیری حربے استعمال کررہی ہے۔

پی ٹی وی کی انتظامیہ نے اس صورتحال کے سبب وفاقی وزارت خزانہ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ذرائع نے بتایا کہ پی ٹی وی انتظامیہ وزارت خزانہ سے درخواست کرے گی کہ ٹی وی لائسنس فیس کی مد میں وصول کی جانے والی رقم وفاقی حکومت کے ای ایس سی کو ادا کی جانے والی سبسڈی سے منہا کرکے پی ٹی وی کو ادائیگی کرے، اس سلسلے میں رابطہ کرنے پر کے ای ایس سی کے ترجمان نے کہا کہ کے ای ایس سی صرف پی ٹی وی کی جانب سے صارفین سے لائسنس فیس وصول کرکے مصالحتی عمل کے بعد جمع ہونے والی رقم پی ٹی وی کو منتقل کردیتی ہے، انھوں نے کہا کہ خطیر رقم کی وصولی کے سبب مصالحتی عمل میں کچھ وقت درکار ہوتا ہے اور اسی وجہ سے پی ٹی وی کو کچھ رقم کی ادائیگی تاحال نہیں کی جاسکی بصورت دیگر یہ رقم باقاعدگی کے ساتھ پی ٹی وی کو ادا کردی جاتی ہے۔
Load Next Story